July 30, 2021

Business Tips, کاروبار کیسے کریں قسط نمبر 3-4-

 



کاروباری پوسٹ نمبر 3
انٹرپرینورشپ سیریز
توقیر بُھملہ
..
مارکیٹ ریسرچ / Market Research
( مارکیٹ ریسرچ کے متعلق ایک میرا پرانا لکھا ہوا آرٹیکل بھی آج مل گیا تھا، وہ بھی پوسٹ کردوں گا اس پوسٹ کو مارکیٹ ریسرچ پہلا حصہ سمجھ کر پڑھیں آپ اگر پڑھیں تو بعد میں دونوں کو ملا کر پڑھ لیں اور موازنہ کرلیں)
جہاں کوئی پروڈکٹ، سروس، سامان، دوکاندار، بیچنے والا اور خریدنے والا ہو تو اسے مارکیٹ /بازار کہتے ہیں،
تحقیق، تفتیش اور سروے سے اپنا مطلوبہ ہدف پورا کرنا ریسرچ کہلاتا ہے..
مارکیٹ ریسرچ اپنے مطلوبہ ہدف حاصل کرنے مثلاً کاروبار کو قائم کرنے، پھیلانے یا بڑھانے کے لیے کی جاتی ہے..
مارکیٹ ریسرچ کیوں ضروری ہے اور کیا واقعی اس کی ضرورت ہے بھی کہ نہیں؟
مارکیٹ ریسرچ ایک ایسی حکمت عملی ہے جو سرمائے اور ہنر وغیرہ کے بندوبست سے بھی پہلے کی جاتی ہے، ہمارے ہاں اس چیز کا رواج نہیں اور ایک دوسرے کی دیکھا دیکھی ہم ضرورت اور خریدار کے ادراک اور مسئلے کے حل کی بجائے اپنے خود کے لیے مسئلہ پیدا کردیتے ہیں، جس کی وجہ سے اکثریت یا تو خسارے اور قرضوں میں پھنس جاتے ہیں اور بھاگ جاتے ہیں یا پھر چند لوگ دو چار مزید تجربات کر گزرتے ہیں اور ان کا نتیجہ بھی زیادہ تر غلط نکلتا ہے،
جہاں تک بزنس کمیونٹی سے میں وابستہ رہا ہوں میں نے سب سے پہلے یہی سنا اور سیکھا کہ " اچھا پہلے مارکیٹ ریسرچ کرو"
" Do Your Market Research"
ایک بات یاد رکھیں مارکیٹ ریسرچ اور مارکیٹنگ ریسرچ دو الگ چیزیں ہیں، ابھی ہم صرف مارکیٹ ریسرچ پر بات کریں گے.
مارکیٹ ریسرچ کم از کم ایک ماہ بلاناغہ ہوم ورک ہے، جس میں آپ تسلی سے جتنی زیادہ ہوسکتا ہے اتنی دوکان، سامان اور گاہک کے متعلق معلومات اکٹھی کرتے ہیں، جب تک یہ ہوم ورک مکمل نہ ہو آپ اور آپ کا سٹارٹ اپ یا کاروبار ادھورا رہے گا.
جیسا کہ ہم نے پڑھا کہ کاروبار کسی مسئلے کو حل کرنے یا کسی ضرورت کو پورا کرنے کا نام ہے تو اس کے لیے سب سے پہلے اپنے گھر سے شروعات کریں، دیکھیں کہ ایسی کون سی چیز ہے جو آسانی سے گلی محلوں سے مل جاتی ہے، اور ایسی کون سی چیز ہے جو، نزدیک سے آسانی سے نہیں ملتی بلکہ کبھی کبھار تو اپنے علاقے یا شہر سے بھی نہیں ملتی اور اس کی ضرورت یا مانگ زیادہ ہورہی ہے، مثلاً ہمارے سامنے تبدیلیاں آئیں جن کا ایک عام آدمی ادراک نہ کرسکا، برف بازار سے خریدتے تھے، کسی نے فریج بنا دیا اور اب ہر گھر میں ہے، لوگ رفع حاجت کے لے باہر کھیتوں یا جنگلوں کا رخ کرتے تھے، کسی نے ٹوائلٹ کی سیٹیں اور فلیش بنا دیے جو اب ہر گھر میں ہیں، ایسی ہزاروں ضروریات اور مسائل ہوتے ہیں جنہیں ایک عام آدمی یا صارف کی آنکھ سے دیکھنا ناممکن ہے، اس کے لیے بزنس / کاروباری سوچ اور مارکیٹ ریسرچ کی بصیرت درکار ہے،( مثلاً آپ ایک ایسی جگہ پر ہیں جہاں کے لوگ خوش خوراک ہیں اور آمنے سامنے پندرہ بیس کڑاہی ہوٹل کھل گئے ہیں جہاں رش بھی رہتا ہے، تو آپ کے پاس ایک سنہری موقع ہے آپ انہی ہوٹلوں کی قطار میں ایک چھوٹی سی دوکان دیکھ کر اس میں ایک چھوٹی سی مشین لگائیں جو گرم مصالحہ جات یا دوسرے مرچ مصالحے وغیرہ پیسنے کا کام کرے، صاف ستھرے ثابت مصالحوں کو پیس کر پہلے تو نزدیکی ہوٹلوں کو دیں، پھر خوبصورت پیکنگ میں، مقامی اور علاقائی مارکیٹ میں سپلائی کریں اور ساتھ ہی آن لائن فریش آرگینک مصالحہ جات کا کام شروع کردیں، ایک بہترین خوبصورت دوکان جس کے اندر تمام مصالحہ جات کی ترتیب سے ایک ایچ ڈی ویڈیو اور تصاویر بنوا کر ایک مختصر تعارفی اشتہار میں لگائیں اور وہ آدھے منٹ کا ویڈیو اشتہار آپ لوکل کیبل اور انٹرنیٹ پر چلوا دیں،،) اس کے بعد بہتر ذریعہ مقامی اخبارات ہیں، یہ آپ کو بتائیں گے کہ اس وقت علاقے میں کون سے مسائل ہیں، ایسا کیا ہے جس کے لیے لوگ گورنمنٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں؟ اگر کوشش کریں تو اسے پرائیویٹ بھی شروع کیا جاسکتا ہے اور مسئلے کے حل کے ساتھ پیسہ بھی بنایا جاسکتا ہے.
اس کے بعد بازاروں کے چکر ایک دوکاندار اور گاہک دونوں کی نظر سے مارکیٹ کو دیکھنا ، دوکاندار اور گاہک کے مابین ہونے والے مکالمے، بحث و مباحثہ، قیمتوں پر جھگڑے، مال کی کوالٹی، بروقت سپلائی، مال واپسی یا ناقابل واپسی، سٹاک، وغیرہ دیکھیں کہ پہلے سے موجود یہ تمام چیزیں کس شکل میں ہیں، لوکل تیار اور دستیاب ہیں یا باہر سے آرہی ہیں ،جب سے یہ بازار یا مارکیٹ وجود میں آئی ہے کیا اس کے بعد یہ پھیل رہی ہے یا سکڑ رہی ہے؟ ادھار اور نقد کا کیا تناسب ہے؟ کاروباری حضرات ایک دوسرے سے کمپیٹیشن کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہیں؟ ،
اس کے بعد جب آپ سمجھنے لگتے ہیں کہ یہ مسئلہ یا ضرورت کا حل آپ مقامی افراد کو مہیا کرسکتے ہیں تو دیکھیں کیا اس کام میں نزدیک کوئی حریف ہے؟ اگر ہے تو اس سے مقابلہ کس طرح کرنا ہے؟ دوسرے لوگوں کے سے ہٹ کر آپ کی کیا حکمت عملی ہوگی کہ اپنے کمپیٹیٹر / حریف سے کیسے برتری حاصل کی جائے..
اور سب سے اہم چیز جو مارکیٹ ریسرچ آپ کو بتاتی ہے وہ یہ ہے کہ آیا مقامی / علاقائی سطح پر ایک دوکان یا آن لائن کاروبار کی شروعات کرنے کے لئے کافی تعداد میں گاہک / خریدار موجود ہیں بھی کہ نہیں؟ ۔ آپ کے براہ راست حریف یا کمپیٹیٹر کون ہوں گے؟یہ دو چیزیں باقی تمام چیزوں کی بنیاد ہیں ۔اس کے بعد آپ کے کاروبار میں آپ کے ارد گرد کن لوگوں سے واسطہ پڑے گا.
میں یہاں ایک بات کا اضافہ کرنا چاہوں گا کہ اس وقت گوگل پر معلومات کے علاوہ،ہر جگہ لکھنے والوں نے اپنے علاقے کے متعلق ایک آدھ کتاب ضرور لکھ رکھی ہے.
جس علاقے میں آپ کام کرنا چاہتے ہیں وہاں کے متعلق کتاب اگر آپ خرید لیں تو یہ آپ کا پہلا مثبت قدم ہے جو آپ کامیابی کی طرف رکھ رہے ہیں، کتاب کیوں؟
دراصل ان کتابوں میں لوگوں کے رہن سہن، طرز معاشرت، رسم و رواج، خوراک، لباس، عادات اور موسم کے متعلق بہت کچھ مل جاتا ہے جس سے ہمیں ان کے ذہنی رجحانات کو سمجھنے میں آسانی ہوجاتی ہے.
، اس کے بعد آپ کے اردگرد ملٹی نیشنل کمپنیوں کے پاس اس علاقے کی تمام معلومات ہوتی ہیں آپ وہاں سے کوئی بھی طریقہ اپنا کر یہ معلومات لے سکتے ہیں، آپ نے دیکھا ہوگا، گلی محلوں یا راہ چلتے ہوئے چند لوگ ملتے ہیں جن کے ہاتھوں میں کاغذات اور بیگ وغیرہ ہوتے ہیں، وہ گھر کے افراد کی تعداد ، ان کی تعلیم، کام کاج اور آمدنی، پسند اور ناپسند اور چند مخصوص برانڈز کے استعمال کے متعلق معلومات لیتے اور لکھتے ہیں، یہ سروے کہلاتا ہے جو مارکیٹ ریسرچ کی ایک شاخ ہے، یہ مختلف طرز اور نوعیت کے سروے کوئی بھی بڑی کمپنی اپنی پروڈکٹ لانچ کرنے سے پہلے اور بعد میں کرواتی ہے اور اپنے پاس سارا ریکارڈ محفوظ رکھتی، پھر اسی ریکارڈ کی بنیاد پر اگلے لائحہ عمل طے کرتی ہے.
جب آپ نے اپنے گھر، گلی، محلے، شہر اور مارکیٹ کو کھنگال کر کوئی مسئلہ، کوئی مشکل کوئی کمی کوتاہی، یا کسی نئی ضرورت کو تلاش کرلیا تو سمجھیں آپ آدھے کاروبار کے مالک ہوگئے ہیں اب آپ نے اپنے اس عمل کو آگے بڑھانا ہے..
آج مارکیٹ ریسرچ میں پہلا حصہ خریدار کے متعلق سیکھتے ہیں..
کسٹمر / خریدار / صارف..
سب سے پہلے دیکھنا ضروری ہے کہ اس مارکیٹ / بازار کے ارد گرد لوگوں کی آبادی کتنی ہے؟ اور کیا یہاں ارد گرد ایسے کسٹمرز ہیں بھی جو ہماری طرف متوجہ ہوں گے یا ہمارے گاہک بنیں گے یا نہیں ؟ اور اگر بنیں گے بھی تو انکی ممکنہ تعداد کیا ہوسکتی ہے؟
کیا ان کی قوت خرید اتنی ہے کہ وہ ہماری طے کردہ قیمت ادا کرسکیں گے؟ اور کیا یہ ضرورت یا مسئلہ ایک مستقل طور پر رہے گا جس سے کسٹمر مستقل رہیں گے یا نہیں؟
کیا یہ ان کی روزمرہ کی ضروریات میں سے ہے یا کبھی کبھار کی ضرورت؟
--_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-
ان چیزوں سے پہلے اپنی شخصیت کی جانچ پرکھ کریں اور دیکھیں کہ آپ کا مزاج کیسا ہے، آپ کو شور پسند ہے یا پرسکون ماحول، لوگوں سے بھاؤ تاؤ کرنا اچھا لگتا ہے یا پھر خاموش طبعیت ہیں، وغیرہ وغیرہ، کام کاج میں ہمارے مزاج کا بڑا دخل ہوتا ہے جس کا ہمیں پتا نہیں چلتا اور ہم پرسکون طبعیت کے لوگ پرشور جگہوں پر کام شروع کرلیتے ہیں پھر ہر کسی سے جھگڑتے رہتے ہیں، اس لیے اپنے مزاج اور مارکیٹ کے مزاج کو سمجھنے میں جتنا بھی وقت لگ سکتا ہے وہ لگانا چاہیے..
_-_-_-__-_-___-____-----____-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_
کیا آپ کو یہ سب جاننا / سیکھنا اچھا اور مفید لگ رہا ہے یا نہیں؟
اپنی قیمتی رائے سے ضرور نوازیں..
شکریہ 
 توقیر بُھملہ /
 
 
کاروباری پوسٹ نمبر 4
انٹرپرینورشپ سیریز
توقیر بُھملہ
مارکیٹ ریسرچ.. دوسرا حصہ.
مارکیٹ ریسرچ: کا مطلب ہے وہ معلومات اکٹھا کرنا جو آپ کو اپنے کاروباری آئیڈیاز کی خوبیوں،خامیوں اور کمزوریوں کو سمجھنے میں مدد فراہم کرے گی۔ اس سے آپ کو یہ جاننے میں مدد ملتی ہے کہ کون سا آئیڈیا مزید اس شعبے میں نئی راہیں اور ترقی کرنے کا سبب اور فائدہ مند ثابت ہوگا۔ اگر آپ کے پاس اس وقت صرف ایک ہی آئیڈیا ہے تو ، مارکیٹ کی ریسرچ آپ کو یہ سمجھنے کے قابل بنائے گی کہ اپنے آئیڈیا کو مزید بہتر بنانے کے طریقے کو کیسے سمجھیں یا پھر نئے آئیڈیاز کہاں سے لیں۔
مجھے مارکیٹ کی ریسرچ کے بارے میں کیا سوچنا چاہئے؟
اپنے کاروباری آئیڈیاز (خیالات) کی درست اور بہتر پوٹینشل جاننے کے لیے ان چند سوالات کے مطابق مارکیٹ ریسرچ کریں ۔
1. مارکیٹ کا سائز: Market Size
میرے کاروباری آئیڈیا میں کتنے افراد کے کام کرنے کا امکان اور گنجائش ہے؟
میرے ممکنہ گاہک کہاں ہیں (یعنی مقامی، شہر سے باہر اور دو دراز علاقوں سے یا پھر انٹرنیشنل بھی ہوسکتے ہیں )؟
2. مارکیٹ تجزیہ (مارکیٹ اینالائیسز) :
اس شعبے کی ویلیو یا ورتھ کتنی ہے؟ (اس جگہ میں ایک عام کاروباری ہر سال کتنا کما سکتا ہے؟)
پہلے ہی یہاں میرے آئیڈیاز سے ملتے جلتے کتنے ہی کاروبار چل رہے ہیں؟
3. رجحانات: Trends
کیا وقت کے ساتھ ساتھ میرے کام کی منتخب کردہ جگہ میں کاروبار کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے یا کم ہوا ہے؟
میرے ممکنہ گاہکوں کو کون سی چیز زیادہ سہولت کے ساتھ مل سکتی ہے اور اس چیز کی مقبولیت کیوں ہے؟
کیا دوسرے شعبوں یا کاروباری اداروں کی طرف سے کوئی مستقبل میں خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اور ہوگا تو وہ ممکنہ خطرات یا نقصانات کیا ہوسکتے ہیں؟
جب آپ ان سوالات کے جوابات تلاش کرنے کے لئے مارکیٹ کی تحقیق / ریسرچ کریں گے تو ، مزید سوالات ضرور سامنے آئیں گے۔ اپنے ہر حتمی کاروباری آئیڈیاز /خیالات کی صلاحیت، کامیابی کا تعین کرنے میں مدد کر نے والی زیادہ سے زیادہ معلومات کی ریسرچ کریں اور ایسی معلومات اکٹھی کریں جس کا فائدہ ہو۔ کاروبار سے پہلے کی گئی ریسرچ ہی آپ کو مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے میں مددگار ثابت ہوگی، کاروبار کسی مشکل کا حل کرنے اور کسی مدد کے جذبے کے تحت ہی بہترین بنتا ہے، کاروبار سے صرف اور صرف منافع کمانا یا آمدنی کا حصول ایک آدھا غلط خیال ہے اور اس نصف غلط خیال کو بروقت درست کرنا بے حد ضروری ہے. ان سوالات کے جوابات اور ریسرچ سے آپ کو ان آئیڈیاز / خیالات میں سے کسی کو منتخب کرنے میں مدد ملے گی جو آپ کی مزید ترقی کے لیے آگے بڑھنے کا باعث ہوگا۔
یاد رکھیں کہ اس مرحلے پر ، آپ کا 'حتمی خیال' یا فائنل آئیڈیا کا پلان تیار بھی ہوتا رہے گا اور اس ردوبدل بھی ہوتا جائے گا، اس لیے اپنے آئیڈیا اور ٹارگٹ کے تھیم کو وسیع رکھیں تاکہ ممکنہ ردو بدل کیلئے آپ ذہنی طور پر تیار ہوں ۔
مارکیٹ کی تحقیق کب کافی ہے؟
مارکیٹ کی تحقیق کو ایک مستقل عمل کے طور پر سمجھا جانا چاہئے - جیسا کہ آپ اپنے آئیڈیا کو ترقی دیتے ہیں ، اپنا کاروبار شروع کرتے ہیں ، اور اسی طرح جب آپ اپنا کاروبار چلاتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ چیزیں مستقل طور پر تبدیل ہوتی رہتی ہیں ، اور ایک سمجھدار انٹرپرینور یا تاجر جو اس کاروباری کھیل سے آگے رہنا چاہتا ہے وہ مارکیٹ کی تبدیلی پر نظر رکھے گا اور اس کے مطابق اپنے کاروبار کو ترتیب دیتا رہے گا ۔
 توقیر بُھملہ
 

 

No comments:

Post a Comment

Total Pageviews