کاروباری پوسٹ نمبر 1..
انٹرپرینورشپ سیریز
توقیر بُھملہ
ظفر کے پاس جب کسی طرح اڑھائی لاکھ روپے جمع ہو گئے تو وہ اٹھتے بیٹھتے ہر کسی سے ایک ہی بات پوچھتا "یار ملازمت سے جان چھڑانا چاہتا ہوں کوئی چھوٹا موٹا کاروبار بتاؤ جس میں منافع اچھا ہو یا کوئی ایسی جگہ بتاؤ جہاں انویسٹمنٹ کروں اور ہر ماہ لگا بندھا منافع ملتا رہے"
جب مشورہ دینے والا پوچھتا کہ کون سا کام آتا ہے؟ تو ظفر کا جواب ہوتا یار ابھی تک کوئی خاص نہیں مگر ساتھ ساتھ سیکھ لوں گا..
جب پوچھا جاتا پیسے کتنے لگا سکتے ہو تو جواب ہوتا" بس تم کاروبار بتاؤ پیسے بہت ہیں " وغیرہ وغیرہ..
اب مشورہ دینے والے زیادہ تر خود مارکیٹ سے ناواقف یا پھر کاروبار سے ناواقف تھے، کچھ اگر تھے بھی تو خطرہ مول لینے والے نہیں تھے، اسی طرح سب نے اپنی اپنی طبیعت کے مطابق مشوروں سے نوازا،
مارکیٹ، گاہک، ضرورت وغیرہ کا کسی بھی مشورے میں ذکر نہیں تھا، اگر ذکر تھا تو فلاں نے بکرے پالے اب وہ لاکھوں کما رہا ہے، فلاں نے آن لائن کپڑے اور جوتے فروخت کرنے کا کام کیا اب لاکھوں میں کھیل رہا ہے، اس طرح فلاں کے کام اور لاکھوں میں کھیل نے ظفر کو بڑا متاثر کیا، دو چار دوستوں نے بتایا تھا کہ ساتھ والے گاؤں کے ارشد نے چھ ماہ پہلے شہر سے ہٹ کر ایک تہہ خانے میں چائنہ شوز کا کام شروع کیا تھا، کسی کو بھی یقین نہیں تھا کہ کام چلے گا مگر اب وہاں دن رات رش کم نہیں ہوتا لگتا ہے سارا شہر وہاں ہی جوتے خریدنے چلا جاتا ہے، اس کام میں لاگت کم اور منافع دوگنا زیادہ ہے. ظفر نے وہاں جاکر اپنی آنکھوں سے دیکھا اور پھر انہی دوستوں کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے ارشد کے تہہ خانے سے نزدیک ہی ایک نو تعمیر پلازے میں چائنہ شوز کی دوکان کھول لی،
اب چھ ماہ ہونے کو ہیں اور ظفر سارا دن اکا دکا گاہکوں کے علاوہ خریداروں کی حسرت سے راہ تکتا بلکہ ارشد کے تہہ خانے کی طرف جاتے ہوئے دیکھتا رہتا ہے. اور ساتھ ایک نیا مشورہ جس پر وہ سنجیدگی سے غور کررہا ہے کہ اب یہ کام چھوڑ کر کاسمیٹکس کا کام کیا جائے..
ظفر سے کہاں غلطی بلکہ غلطیاں ہوئیں؟
ارشد کی دوکان کیوں گاہکوں سے بھری رہتی ہے؟
ظفر کے پاس بھی چائنہ شوز تھے لیکن گاہک متوجہ کیوں نہیں ہوئے؟
چھوٹے پیمانے پر کاروبار کیا ہے؟
ملازمت کے ساتھ کاروبار کیسے سنبھالا جائے؟
اور اس جیسے دوسرے سوالات کا آسان اور عام فہم زبان میں سلسلہ آج سے ان شاءاللہ شروع کیا ہے،
یہاں فیس بک پر ہی روزانہ آپ کو کاروبار کے متعلق ایک مختصر پوسٹ ملا کرے گی، آپ کے تمام سوالات کا جواب بھی پوسٹ کے اندر یا کمنٹس میں دیا جائے گا..
کوئی ان-باکس یا فیس وغیرہ یا کچھ بھی ایسا نہیں جس کا مطالبہ کیا جائے گا.. باقی میرے پاس ویڈیو بنانے اور اپلوڈ کرنے کا وقت نہیں ورنہ ویڈیو ضرور بناتا..
آپ جانتے ہیں تو راہنمائی کیجئے..
جاننا چاہتے ہیں تو سیکھیں اور شئر کریں..
فقیر کا کام ہے صدا لگانا وہ لگتی رہے گی..
توقیر بُھملہ
Copy from https://www.facebook.com/ToqeerBhumla
No comments:
Post a Comment