June 13, 2023

BROWN RICE IS VERY BENEFICIAL THAN WHITE RICE

   لوجی نوی گل سن لو
           بہت کم لوگوں کو علم ہوگا کہ چاول جب چھلکے میں نکالا جاتا ہے تو یہ براؤن ہوتا ہے. پھر چھلکا اتارنے کے بعد اسے ایک عمل میں سے گذارا جاتا ہے جسے رائس پولیشنگ rice polishing کہتے ہیں. اس عمل میں چاول کے باہری طرف  موجود باریک جھلی نما براؤن غلاف اتار دیا جاتا ہے. اور یہ سفید چاول وجود میں آتا ہے جسے ہم سب جانتے ہیں یا بصد شوق کھاتے ہیں.

      اگر پالش کے بغیر براؤن چاول کی غذائیت کا جائزہ لیں تو اس میں میگنیشیم، سیلینیم، پوٹاشیم، کیلشیم آئرن ،پروٹینز، فیٹس ،وٹامنز خاص طور پر وٹامن بی، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں. جبکہ پالش کرنے کے بعد تقریباً تمام پروٹین، تمام فیٹ، سارے وٹامنز اور تین چوتھائی منرلز ضائع ہوجاتے ہیں. غیر پالش شدہ چاول چاول دنیا میں اوٹ کے بعد سب سے زیادہ غذائیت والا غلہ ہے

      جبکہ دوسری طرف پالش شدہ چاول کو غذائی ماہرین اور امریکی ادارہ FDA غلہ ہی تسلیم نہیں کرتے. اس میں صرف میدہ اور قلیل مقدار میں منرلز ہوتے ہیں. ایک لاکھ تیس ہزار لوگوں پر کی گئی ایک تحقیق کے مطابق سفید چاول ذیابیطس کی بیماری کی بڑی وجہ ہیں.

      اب سوال یہ ہے کہ اگر چاولوں کو پالش کرنا اتنا ہی احمقانہ فعل ہے تو اس کی ابتدا کیسے ہوئی. تو جناب جان لیں دنیا بھر میں چاولوں سے بنائی گئی شراب کو ایک خاص مرتبہ حاصل ہے. جاپان کے لوگ چاولوں سے شراب کشید کرنے کے ماہر ہیں اسے وہاں sake سیک کہتے ہیں. سیک کی تیاری کے لیے چاول کا نشاستہ چاہیے ہوتا ہے. پرانے وقتوں میں جب چاول پالش نہیں کئے جاتے تھے تو اس کی باہری براؤن پرت سیک کی تیاری میں رکاوٹ کا باعث بنتی تھی.
 
     تب چاولوں کو خشک یا بھگو کر تھیلوں میں ڈال کر آپس میں رگڑتے تھے تاکہ وہ پالش ہوجائیں. یہ بہت مشقت طلب کام تھا.  انیسویں صدی کے وسط میں جب مشینوں کا چلن عام ہورہا تھا تو سیک بنانے والے بھی چاول پالش کرنے والی مشین کی جستجو میں لگے تھے. ایسے میں سال 1860 کے اس پاس شاید پہلی پالشنگ مشین بنائی گئی تھی.  پالش شدہ چاولوں کی شکل اور ذائقہ لوگوں کو بھاگیا اور بنا اس کی غذائیت کی طرف دھیان دیئے عوام کی اکثریت اسی کی دلداہ ہوگئی. آج عالم یہ ہے کہ بصد خواہش و سعی بازار سے براؤن چاول نہیں ملتے.

      ہمارا بس چلے تو بہت سے دیگر غذائی جرموں کے ساتھ چاولوں کو پالش کرنا اور گنے کے رس سے شکر یا گڑ کی بجائے چینی کشید کرنے پر مکمل پابندی عائد کردیں.

                    (  ابن فاضل )
#ابن_فاضل
#Ibn_e_fazil

No comments:

Post a Comment

Total Pageviews