October 17, 2021
October 08, 2021
Humanity, Proud, & Given in the Name of Allah
ٹین ڈبے والا
میں لاہور میں سعودی عرب کے تعلیمی اتاشی کے سامنے بیٹھا تھا، میرے کاغذات اور جدہ یونیورسٹی کا ویزا اسکے ہاتھ میں تھا- وہ کافی دیر تک کاغذات کو دیکھتا رہا پھر بولا لیکن میں اس ویزے کو نہیں مانتا- میں نے پوچھا وجہ؟ اس نے کہا تعلیم تو ٹھیک ہے مگر تمھارا تجربہ انڈسٹری کا ہے تدریس کا تجربہ تو صفر ہے، جسکو پڑھانے کا کوئی تجربہ ہی نہ ہو وہ کیا پڑھائے گا-
میں نے کہا سر لیکن جدہ میں رئیس القسم نے میرا ٹیسٹ اور پڑھائی کا طریقہ دیکھ کر میری سفارش کی ، پھر میرا ڈین سے انٹرویو ہوا اسکے بعد یہ ویزا دیا گیا ہے- اسکےہونٹوں پر ایک مسکراہٹ پھیل گئی بولا ضروری نہیں کہ اگر انھوں نے غلطی کی ہو تو میں بھی غلطی کروں- میں نے کہا سر یہ ویزا وائس چانسلر نے جاری کیا ہے جسکی پوسٹ وزیر کے برابر ہوتی ہے، وہ پھر مسکرایا اور بولا اور مجھکو ایسے 15 وزیروں کے کاموں کو چیک کرنے کے لیئے بٹھایا گیا ہے اگرآپ چاہیں تو میں آپ کے کاغذات پر لکھ کر دے سکتا ہوں کہ آپ کو ویزا نہیں دیا جاسکتا۔ میں نے اس سے مزید حجت کی تو اس نے کہا جب تک میں اس سیٹ پر ہوں دیکھتا ہوں تم کو ویزا کون دیتا ہے – میرے ذہن میں اپنی پرانی کمپنی کے
مسٹر فریڈرک کیسے کے الفاظ گونجے ” مسٹر رضوان ۔۔ تم نوکری چھوڑ کر بڑی غلطی کررہے ہو، میں نے ان لوگوں کے ساتھ 20 سال کام کیا ہے، انکا ہر وعدہ غلط ہوتا ہے” اور میں نے غصہ میں جواب دیا تھا ” یہ لوگ ہمارے لئیے بڑے مقدس ہیں تم انکی توہین کررہے ہو، اس نے کاغذات پر دستخط کرتے ہوئے کہا تھا ایک وقت آئے گا تم میرے الفاظ کو یاد کروگے- شاید وہ وقت آگیا تھا- پھر اس کے بعد میں نے دو اور چکر لگائے ہوائی جہاز سے اور ہر بار اتاشی کا وہی جواب تھا ” کہ جب تک میں اس سیٹ پر ہوں دیکھتا ہوں تم کو ویزا کون دیتا ہے” میرے لئیے یہ بڑا سخت وقت تھا نہ خدا ہی ملا نہ وصال صنم۔۔ دو مہینے بےروزگاری کے ہوچکے تھےمیں سخت ٹینشن میں بیٹھا تھا کہ بیل بجی دروازے پر ٹین ڈبےوالا تھا، کوئی ستر سال کا ہوگا بالکل ہڈیوں کا ڈھانچا، میلا کچیلا پیوند لگے کپڑے، پسینے میں نہایا ہوا- کہنے لگا صاحب دس سال ہوگئے ہیں ان گلیوں میں چکر لگاتے آج پہلی بار کسی کے گھر کی بیل بجائی ہے میں نے حیرت سے کہا ہاں ۔۔ بولو، کہنے لگا یہاں نہیں وہاں نیم کے پیڑ کے نیچے چبوترے پر بیٹھ کر آرام سے بات کرنی ہے- میں تذبذب کے عالم میں اس کے ساتھ چل پڑا-
کہنے لگا صاحب میری اکلوتی بچی کی شادی ہونے والی ہے شادی میں صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے مگر میرے پاس ایک پیسہ نہیں ہے آج کل کام بھی بہت مندا ہےکئی لوگوں سے ادھار مانگا سب نے منع کردیا، کل رات بہت دیر تک مسجد میں رویااور دعا مانگی تو رات میں خواب میں آپ کی گلی اور گھر نظر آیا اور آواز آئی ان سے جا کر مانگ لے اس لئیے صرف آپکا دروازہ کھٹکھایا ہے- مجھے اس کی کہانی پر یقین نہیں آیا اور ہنسی بھی آئی کہ لوگ کیسی کیسی چار سو بیسی کرنے لگے ہیں- میں نےازراہ مذاق پوچھا کتنے پیسے کی ضرورت ہے بولا صاحب سادگی سے رخصتی کرنی ہے، زیور تو میں اپنے بیوی کا چڑھا دوں گا، مگر پانچ چھ جوڑے اور شادی کا کھانا تو کرنا ہوگا، کوئی تیس ہزار کا خرچہ ہوگا-
میں نے سوچا 50000 تو آج کل صرف دلہن کے بیوٹی پارلرمیں ہی خرچ ہوجاتے ہیں- یہ رقم میرے لئیے بہت معمولی تھی اگر میں باہر کام کررہا ہوتا، مگر اب اس بے روزگاری میں یہ میرے لئیے بہت بڑی رقم تھی- میں خاموش سا ہوگیا وہ بولا صاحب آپ میرے ساتھ میرے گھر چلیں اور میرے محلے والوں سے پوچھ لیں یہ جھوٹی کہانی نہیں ہے، میں غریب ضرور ہوں مگر ایماندار ہوں قسطوں میں آپ کی رقم لوٹا دوں گا۔ اسکی آنکھوں میں آنسو تھے اور چہرے پر بےچارگی اور لجاجت- وہ پھر بولا میں کبھی بیل نہ بجاتا اگر یہ خواب نہ دیکھتا۔ میں عجیب شش و پنج میں تھا پھر مجھے یاد آیا کہیں پڑھا تھا کہ جب تنگی ہو تو خدا سے تجارت کیا کرو وہ کبھی نا امید نہیں کرتا۔۔۔ تیس ہزار دینے کا مطلب یہ تھا کہ اب واپسی کی کوئی امید نہیں – خیر میں گیا اور تیس ہزار اس کے ہاتھ میں رکھ دئیے- اس نے میرے ہاتھ چوم لئیے اور رونے لگا۔۔۔
کوئی پندرہ دن بعد پھر اس نے دروازہ کھٹکھٹایا میں نے غصہ سے پوچھا اب کیا مسئلہ ہے کیا پھر کوئی خواب دیکھا ہے بولا ہاں مگر آپ کو کیسے پتہ چلا ؟ میں نے جنجھلا کر کہا ظاہر ہےپہلے خواب دیکھا تھا تو بیل بجائی اب پھر خواب دیکھا ہوگا جو بیل بجائی ہے- جلدی بتاؤ مجھے بہت کام ہیں-
کہنےلگا صاحب کل عشاء کی نماز پڑھ کر بڑی دعا کی کہ مولا قرض تو دلا دیا ہے اب ادائیگی میں بھی مدد کردے اور سوگیا تو پھر آپ کا گھر نظر آیا آواز آئی کہ تیرا قرض ادا کردیا گیا ہے جاکر بتادے کہ اسکا بھی کام کردیا گیا ہے- میری سمجھ میں تو کچھ نہیں آیا- میں نے کہا ٹھیک ہے جاؤ میں نے تم سے کون سا قرض وصول کرنا تھا- لیکن کمرہ میں آکر میں کافی دیر تک سوچتا رہا پھر والدہ سےمشورہ کیا تو وہ بولی تم کل ہی لاہور جاؤ ہوسکتا ہے قدرت کوئی راستہ نکالے میں نے تنک کر کہا تین بار تو جا چکا ہوں وہ تو بس ایک ہی بات کہتا ہے” جب تک میں اس سیٹ پر ہوں دیکھتا ہوں تم کو ویزا کون دیتا ہے” اب تو اس کو میرا چہرا بھی زبانی یاد ہوگیا ہوگا- والدہ نے کہا میں پیسے دیتی ہوں تم اللہ کا نام لے کر جاؤ تو سہی، کچھ لوگ خدا کےبہت قریب ہوتے ہیں یہ بات عام آدمی نہیں سمجھ سکتا۔
خیر میں اگلےدن لاہور پہنچا موسلا دھار بارش ہورہی تھی، ڈرتے ڈرتے اتاشی کے کمرہ میں داخل ہوا دیکھا کرسی پر ایک نوجوان لڑکا بیٹھا ہے، میں نے کہا یہاں تو ایک اور صاحب ہوتے تھے بولا ہاں انکو ایک ہفتہ ہوا واپس وزارت خارجہ میں بلا لیا گیا ہے اور میں نے چارج سنبھال لیا ہے- میں نے کاغذات اسکو دیئے بولا آپ بہت لیٹ آئے اب تو یونیورسٹی کھلنے میں چند دن رہ گئےہیں- پھر اس نے سکریٹری کو بلایا کہا کہ پرسوں سےیونیورسٹی شروع ہورہی ہے یہ پہلے ہی لیٹ ہوچکے ہیں فورا ٹکٹ بناؤ پاسپورٹ پر ویزا لگاؤ اورسالانہ ھاؤس رینٹ، ایک ماہ کی سلیری کا چیک بنا کر لے آؤ، اور سنو چائے بھجوادینا-
میں ایک لمحہ کے لئیے گم سم سا ہوگیا، قدرت اس طرح بھی مہرباں ہوسکتی ہے ؟، پرانے اتاشی کے الفاظ میرے کانوں میں گونج رہےتھے- اوپر والے نے اس مغرور شخص کی کرسی چھین لی تھی کیا صرف میرا کام کروانے کے لئیے؟ پھر موسم پر میں نے گفتگو شروع کی بتایا کہ بہت موسلادھار بارش ہورہی تھی بڑی مشکل ہوئی آنے میں تو اس نے بڑی شائستہ اردو میں جواب دیا کہ آپ لوگ بڑے خوش قسمت ہیں ہم تو ایسے موسم کو ترستے ہیں، مجھ پر تو حیرتوں کے پہاڑ ٹوٹ گئے اس کی اردو سن کر- میرا حیران چہرہ دیکھ کر وہ ہنسا بولا میں نے یہیں سے تعلیم حاصل کی ہے پاکستانی ایک ذہین ، محنتی اور بڑی مہمان نوازقوم ہے میں ان سے محبت کرتا ہوں خاص طور پر استادوں سے۔۔۔ چائے ختم ہوگئی تھی، پاسپورٹ، ٹکٹ اور چیک میرے ہاتھ میں تھا۔۔۔ مجھے ٹین ڈبے والے کے خواب کےالفاظ یاد آئے کہ تمھارا قرض ادا کردیا گیا ہے- لیکن ایسی ادائیگی کا تو میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا
October 06, 2021
September 28, 2021
DOCTOR ڈاکٹر ایک مسیحا
There is nothing wrong with the world، دُنیا میں کوئی بھی چیز نکمی نہیں ہے۔
لڑکا بولا کہ ابو پلیز آپ مت جائیں میں اکیلے چلا جاتا ہوں۔میں کوئی احسن کی طرح لائق فائق تھوڑی ہوں کہ آپ فخر سے میرے ساتھ سکول جا سکیں ۔ آپ کی بھی بے عزتی ہوگی۔باپ مسکرا کر بولا کہ بیٹا مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کا رزلٹ برا ہوتا ہے، میں آپ کا باپ ہوں اور ہر حالات میں ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑا رہوں گا اور آپ مایوس کیوں ہوتے ہو آپ کا اور احسن کا بھلا کیا مقابلہ اور سچ تو یہ ہے کہ دنیا میں کسی بھی دو انسانوں کا آپس میں کبھی کسی قسم کا مقابلہ نہیں بنتا۔جب اللہ نے اس دنیا میں گھاس کا بیج بویا تھا تو وہ اگلے گھنٹے پوری دنیا میں ہری بھری نظر آنے لگی تھی لیکن کیا اللہ نے بانس کا بیج بے وجہ بنایا تھا؟ جب گھاس کا بیج لگایا تو اگلے گھنٹے پوری دنیا ہری بھری نظر آنے لگی اور جب بانس کا لگایا تو پہلے ایک سال کچھ نظر نہیں آیا، پھر دوسرا سال اسی طرح گزر گیا اور کوئی بیل بوٹا نہیں اگا۔ لیکن کیا.اللہ نے بانس کو بے مقصد بنایا تھا یا اس کے بیج بنانا بند کر دیے تھے۔ جب دو سال بعد بانس کا پودہ اگا تو بالکل چھوٹا سا تھا، کمزور۔ لیکن جب بانس کا پودہ بڑا ہوتا ہے تو کتنا خوبصورت لگتا ہے۔ اتنا لمبا اونچا اور مضبوط، پھر اس کے آگے گھاس کی پتیاں کیسی لگتی ہیں۔
تو کسی کا کسی کے ساتھ موازنہ بے مقصد کی باتیں ہیں اور وقت کا ضیاع ہے۔ اس نے اپنے بیٹے کو بہت کم عمری میں ایک بہت قیمتی سبق سکھا دیا تھا کہ دنیا کے کارخانے میں کوئی بھی شے بے مقصد نہیں ہوتی اور کسی کا دوسرے انسان سے کوئی مقابلہ نہیں۔ سب الگ ہیں اور ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہوتے ہیں ایسے میں ہر ایک اس دنیا میں ایک انمول رنگ بھرتا ہے اور جو لوگ اپنے بچوں میں اس طرح کے مقابلے بوتے ہیں،اس کا کڑوا پھل ان کی ذہنی بیماریوں کی صورت ساری عمر برداشت بھی کرتے رہتے ہیں۔ اللہ سب کو عقل دے۔سٹیو جابز کو کون نہیں جانتا؟ ایپل کا فاؤنڈر ۔ ایپل وہ کمپنی جس کے آئی فون ہاتھ میں لے کر ہم اپنے آپ کو بڑی چیز سمجھتے ہیں ۔ دنیا کا سب سے زیادہ بکنے والا فون آئی فون ہی ہے۔ سٹیوو جابز نے ایپل کی بنیاد ۱۹۷۶ میں رکھی تھی۔ ایپل دنیا بھر میں بہت مشہور اور معروف تھی اور اس کے فون اور لیپ ٹاپ ہر آرٹسٹ کی پہلی ترجیح ہوا کرتے تھے۔ ایسے میں سٹیوو سے ایک غلطی ہو گئی اور اس نے ایک ایسا پراڈکٹ بنایا جو مارکٹ میں بالکل نہ چل پایا۔ یہ۱۹۸۵ کی بات ہے، اس کی اپنی کمپنی نے اسے ٹیم سے خارج کر دیا۔ پوری دنیا اس بات سے واقف تھی، بجائے اس کے کہ سٹیوو جابز بیٹھ کر اپنے اوپر ترس کھاتا یا اپنی قسمت اور رسوائی کے رونے روتا اس نے ایک نئی کمپنی کی بنیاد ڈال دی۔
اس نے اپنی نئی کمپنی ’نیکسٹ‘ کا آغاز کیا اور اس پر بے انتہا محنت کی۔ اس نے مڑ کر کبھی ایپل کی طرف نہیں دیکھا اور اس کی محنت رنگ لائی، ایپل جب 1997 میں ناکامیوں پر ناکامیوں کا سامنا کر رہی تھی تو انہوں نے سٹیوو جابز کی نئی کمپنی نیکسٹ کو کال کیا اور اس کے ساتھ مرجر کر لیا۔ سٹیوو جابز کو اس کی پرانی جاب واپس دے دی اور اس کے بعد سٹیوو نے آئی فون،آئی پیڈ اور آئی پاڈ جیسے پراڈکٹ بنائے اور مارکٹ میں لانچ کیے۔ آج بچے بچے کے ہاتھ میں آئی پیڈ ہوتا ہے اور ہر آدمی آئی فون لے کر پھرنے میں فخر محسوس کرتا ہے۔یہ سب سٹیوو جابز کی انتھک محنت اور مستقل مزاجی کے باعث ممکن ہوا ہے۔ سٹیوو کے مزاج کے بارے میں بھی یہ پتہ چلتا ہے کہ اس نے اپنی کمپنی کی بات کو دل پر نہیں لیا تھا اور اس نے اپنے فیل پراڈکٹ کی پوری پوری ذمہ داری قبول کر کے اپنی غلطی کا اعتراف کیا تھا۔ جب اس کی کمپنی نے اس کو دوبارہ جاب آفر کی تو اس نے ناک منہ چڑھاکر ان کو کو انکار نہیں کیا بلکہ یہ سوچا کہ اس کا ذاتی فائدہ اور پوری کمپنی کا فائدہ کس چیز میں ہے۔ انسان جب صرف اپنے بارے میں نہیں بلکہ پوری ٹیم کا سوچ کر چلتا ہے تو کامیابی اس کے قدم ضرور چومتی ہے۔ کوشش کریں کہ سب کو ہمیشہ ساتھ لے کر چلیں
September 20, 2021
LOVE MARRIAGE, COLLEGE LOVE JUST TIME PASS
کالج میں ایک لڑکے نے مجھ سے اظہار محبت کیا. اسے میں نے بہت سمجھایا لیکن اُسے ذرا اثر نہیں ہوا. وہ کٹر ٹھرکی تھا یا پھر اس بات پر یقین رکھتا تھا کہ کوشش جاری رکھو، ایک نہ ایک دن مان ہی جائے گی. میں اُس کی باتیں سن کر ہنستی تھی، وہ دل میں خوش ہوتا تھا کہ ہنسی تو پھنسی،
پر اُسے یہ کہاں معلوم تھا میری ہنسی کا مطلب ہے کہ ہنسوں تو کبھی نہ پھنسوں. آج پھر وہ چلا آیا تھا. اچھا تو تمھارا یہ دعوی ہے کہ تم محبت کرتے ہو مجھ سے، کیا ہوتی ہے محبت؟ کچھ معلوم ہے اس کے بارے میں. جس سے محبت ہو اس کے حقوق کا علم ہے تمھیں. یہ فرائض سرانجام دینے کے قابل ہو تم. اُس کے چہرے پے حیرانیوں کے سائے لہرانے لگے. اُسے ان گہری باتوں کا علم ہی کہاں تھا. وہ تو بس فلموں، ڈراموں کی آغوش میں جوان ہو کر ہزاروں نوجوانوں کی طرح اپنی فطری ضروریات کے ہاتھوں مجبور ہو کر محبت کا نام اپنی روح میں سمو چکا تھا. سچ میں جب سے تمھیں دیکھا ہے، میرا چین و سکون لٹ گیا ہے. ہر جگہ تم ہی دکھائی دیتی ہو ،میں سچی محبت کرتا ہوں، پلیز مان جاؤ نا. کیا مان جاؤں؟
میں نے بے نیازی سے پوچھا. تم بھی محبت کر لو مجھ سے، بہت خوش رکھوں گا تمھیں، ہر بات مانوں گا. اچھا میری ہر بات مانو گے. ہاں! ہر بات مانوں گا، تم نہیں جانتی تمھاری یہ عام سی آنکھیں میرے لیے کتنی خاص ہیں. لوگوں کو تو محبوبہ کی آنکھیں جھیل جیسی گہری لگتی ہیں، تم انھیں عام کہہ رہے ہو. آپ نے خود ہی تو کہا تھا کہ بناوٹی باتیں آپ کو پسند نہیں، یہ سب جھوٹی تعریفیں ہوتی ہیں، اس لیے سچ بتا رہا ہوں کہ چاہے یہ آنکھیں عام سی ہیں پر میرے لیے تو خاص ہیں. خاص کیوں ہیں؟ وجہ بتاؤ. کیونکہ ان سے ذہانت ٹپکتی ہے، جب آپ کے لب پھول برساتے ہیں تب یہ بھی پورا ساتھ دیتی ہیں، ایسا لگتا جیسے یہ بھی بول رہی ہوں.. اوہ! تو محبت کی پہلی سیڑھی چڑھ ہی گئے ہو تم. اچھا بتاؤ، میری ہر بات مانو گے؟ ہاں ہر بات.. تو پھر میری محبت اپنے دل سے نکال دو،
اگر تم سچی محبت کرتے ہو مجھ سے تو میری یہ بات بھی مانو گے. اُس کی آنکھوں میں پانی جمع ہونے لگا تھا جسے اندر ہی اندر جذب کرنے کی وہ ناکام کوشش کر رہا تھا. ٹھیک ہے آئندہ آپ نہیں دیکھو گی مجھے.. یہ کہہ کر وہ خاموشی سے چلا گیا. اس لیےکہ وہ مجھے یقین دلانا چاہتا تھا کہ واقعی مجھ سے سچی محبت کرتا ہے. میرے لبوں پر مسکراہٹ پھیل گئی. میں نے دل میں سوچا کہ تم مجھے بیوقوف نہیں بنا سکتے. کافی دن گزر گئے، اُس نے مجھ سے کوئی بات نہیں کی، کوئی کال نہ میسیج. پھر ایک دن وہ خود ہی میرے پاس چلا آیا. میں نے تمہاری محبت اپنے دل سے نکال دی ہے. اب تم میرے لیے ایک عام عورت ہو. لفظ عورت سن کر میں کھلکھلا کر ہنس پڑی.. پتہ میری محبت کیوں نکلی ہے تمہارے دل سے؟ کیونکہ یہ محبت کبھی تھی ہی نہیں،
محبت کبھی دل سے نہیں نکلتی بشرطیکہ سچی ہو. محبوب کے ساتھ حقیقی پل تو دور کی بات، کبھی خیالوں میں بھی اس کا ہاتھ تک پکڑنا نصیب نہ ہو، اور نہ ہی وہ شدتوں کو جانتا ہو، پھر بھی دل سے محبت نہیں نکلتی. وہ شرمندہ سا ہوا. تمھیں کیا پتہ میں کتنا رویا ہوں؟ کتنی راتیں جاگ کر گزاری ہیں؟ کتنا سوچا ہے؟ پھر میں نے خود کو سمجھایا کہ میں تمہاری بات مانوں گا، فریادی بن کر اب نہیں آؤں گا، اس لیے کہہ رہا ہوں محبت ختم ہو گئی. شادی تو ویسے بھی تمہارے ساتھ نہیں ہو سکتی. کیوں مجھے خارش ہے؟ میری رگ مزاح پھڑک اٹھی. پھر ہنستے ہوئے اس نے بتایا کہ ہمارے خاندان والے برادری سے باہر شادی نہیں کرتے. تو کیا تمھارے خاندان والے برادری سے باہر محبت کر لیتے ہیں؟ وہ چپ رہا، کیا جواب دیتا. خیر میں تم سے دوستی کرنا چاہتا ہوں، تم بہت اچھی لڑکی ہو، اگر تم میری محبت میں گرفتار ہو جاتیں تو میری نظروں میں اپنی اہمیت کھو دیتیں،
اور ہم لڑکے واقعی ایسی لڑکیوں سے محبت تو خوب کرتے ہیں پر شادی نہیں. اب کے حیران ہونے کی باری میری تھی. میری پلاننگ کامیاب ہوئی تھی. وہ سچ مان رہا تھا. پر میں اس کی دوسری چال بھی سمجھ گئی. مرد کو بسس سیٹیسفیکشن چاہیے ہوتی ہے، چاہے ذہنی ہو یا جسمانی، جب اُسے یقین ہو گیا کہ میں واقعی ہاتھ آنے والی نہیں تو اُس نے دوستی کا ہاتھ بڑھایا. وہ میرے ساتھ باتوں سے ذہنی تسکین چاہتا تھا، وقت اچھا گزارنا چاہتا تھا. اچھا دوستی کر کے کیا کریں گے؟ اچھے دوست کیسے ہوتے ہیں؟ میں نے اس سے پوچھا. ہم اپنی ہر بات ایک دوسرے سے شیئر کیا کریں گے، میں آپ کو گفٹ دیا کروں گا، اکھٹے شاپنگ پر جائیں گے، خوب گھومیں پھریں گے، کھابے اڑائیں گے، دکھ سکھ کے ساتھی، بالکل اچھے دوست بنیں گے ہمیشہ ساتھ رہنے والے. محبت کی جگہ اب دوستی کا لفظ آ گیا تھا مگر ترجیحات اور مقاصد و معاملات وہی تھے. ایک لڑکا لڑکی کبھی دوست نہیں ہو سکتے،
ہاں کلاس فیلو ہو سکتے ہیں، جب سٹڈی ختم ہوئی رابطہ ختم. لیکن دوستی تو وہ ہوتی جو مستقل رہے. محبت تم نہیں کرتی، دوستی پر تمھیں اعتراض ہے. اچھا منہ بولی بہن بن جاؤ. میں اتنی اچھی لڑکی کھونا نہیں چاہتا. میں بھی اتنی اچھی لڑکی گنوانا نہیں چاہتی. میں نے دل میں سوچا. یہ اس کا آخری حربہ تھا محبت اور دوستی میں دال نہ گلی تو منہ بولی بہن.. اچھا بھائی بہن بن کر کیا ہوگا؟ میں نے پوچھا دونوں ساتھ وقت گزارا کریں گے، اپنی ہر بات بتایا کریں گے، صبح صبح اکٹھے سیر کو جایا کریں گے، جاگنگ کریں گے، ٹینیس کھیلیں گے، بہت خوش رہیں گے دونوں. یہ زندگی بورننگ نہیں لگتی تمھیں جو گزار رہی ہو، تھوڑا سا بدلو تم خود کو. دیکھنا کتنی خوشیاں ملتی ہیں، سچی بھائی بہن والا رشتہ ہوگا، کوئی نقصان نہیں اور اس دوران تم بہن لفظ کا سہارا لے کر مجھ سے اپنی ذہنی تسکین حاصل کرتے رہو،
نظروں سے ہی میرے چہرے کو چھوتے رہو، ٹینس کھیلتے ہوئے میرے بدن کے اتار چڑھاؤ کو للچائی نگاہوں سے دیکھتے رہو، تمھارا وقت رنگین ہو جائے گا. میں خاموش نظروں سے کہہ رہی تھی، وہ کن اکھیوں سے دیکھتا ہوا جواب کا منتظر تھا سوری میری خوشیاں، کھابے، سیر، جاگنگ، زندگی کے رنگ، ٹویسٹ، قہقہے، دکھ سکھ کسی غیر مرد کے محتاج نہیں. میں اپنے پاپا کے ساتھ سیر کو جاتی ہوں. باپ کی شفقت بھری گفتگو بہت لطف دیتی ہے. میری ماں میری سب سے اچھی دوست ہے، میرے دکھ سکھ کی ساتھی ہے. میری سکھیاں کھابے اُڑانے میں لاجواب ہیں، اُن کے ساتھ میرا وقت بہت اچھا گزرتا ہے. میرے ٹیچرز میرے رہنما ہیں. اپنے بھائی کے ساتھ میں گھنٹوں باتیں کرتی ہوں، معصوم شرارتیں دو منٹ میں ناراض دو منٹ میں راضی،
ایک دوسرے کے بنا ذرا وقت نہیں گزرتا، اس کے پیچھے بائیک پر بیٹھے ہوئے میں آزاد فیل کرتی ہوں، اس کے ساتھ شاپنگ کا جواب نہیں. میں بہت خوش ہوں. ایک نیا رشتہ بنا کر میں ان سب رشتوں کی مٹھاس نہیں کھونا چاہتی.. پتہ نہیں لڑکیوں کی حسین زندگی غیر مردوں سے ہی کیوں جڑی ہوتی ہے؟ خوبصورت خوابوں کے چکر میں عمر بھر کے لیے آنکھیں زخمی کروا لیتی ہیں. اتنا کہہ کر میں چلی آئی. اس کا ری ایکشن کیسا تھا؟ میں نے دیکھا نہیں، لیکن اسے ایک سبق ضرور مل گیا تھا. میں نے گھر آ کر سجدہ شکر ادا کیا اور آنکھ اشکبار ہو گئی. میرے اللہ تو مجھےایسے ہی ثابت قدم رکھنا، اس عہد کی پیداوار ہو کر بھی میرے قدم ذرا نہ ڈگمگائیں
August 31, 2021
PULOVER BIRD FLY 4000 KILO METER IN 88 HOURS HOW ?
August 29, 2021
ہائی بلڈ پریشر کے پاکستانی علاج صرف صدمے کا باعث ہیں۔ معروف جرمن ماہر امراض قلب نے ایک پاکستانی نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیا۔
ہائی بلڈ پریشر کے پاکستانی علاج صرف صدمے کا باعث ہیں۔ معروف جرمن ماہر امراض قلب نے ایک پاکستانی نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیا۔ ڈاکٹر فشر کلوس برلن میں دنیا کے مشہور سنٹر برائے امراض قلب کے سربراہ ہیں۔
ڈاکٹر کلوس فشر: "پاکستان میں ، ہائی بلڈ پریشر کا اب بھی فرسودہ اور غیر موثر دوائیوں کے ساتھ علاج کیا جاتا ہے جو پوری زندگی لینا ضروری ہے۔ ادھر ، جرمنی میں ، ہائی بلڈ پریشر کا علاج اتنا ہی آسان ہے جتنا عام سردی کا علاج کرنا۔
- دوائی لینے کے 1-2 دن کے اندر بلڈ پریشر معمول پر آ گیا - سروے کے 99٪ لوگوں نے کہا
- دل کی دھڑکن ایک کورس سے معمول پر آ گئی - 97٪ لوگوں نے کہا
- کولیسٹرول سے خون کی نالیاں مکمل صاف ہو گئیں - 99٪ لوگوں نے کہا
- دائمی بیماریوں کے علاج کی تاثیر میں بہتری آ گئی - سروے کے 99٪ لوگوں نے بتایا
- مجموعی صحت میں بہتری ۔ 100٪ جواب دہندگان کا کہنا تھا
- اس دوا کے کوئی مضر اثرات نہیں ہوئے - 100٪ شمولیت کرنے والوں نے بتایا
یہ آرٹیکل اچھا لگا اس لئے کاپی کر لیا گیا ہے۔ میرا اس کمپنی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔
https://smoothlearnerro.ml
August 28, 2021
گوری چٹی لال سرخ ہونٹوں والی خاتون
گوری چٹی لال سرخ ہونٹوں والی خاتون
میں ٹورنٹو میں اپنی کار میں سفر کر رہا تھا
کہ اچانک ایک گوری چٹی لال سرخ ہونٹوں والی خاتون نے مجھے روکا اور کہا
السلام علیکم! میں حیران رہ گیا۔ آخر وہ مجھے ایک کافی سینٹر پر لے گئی اور
کہنے لگی پلیز! آپ مجھے ضرور وقت دیں، میں تھوڑا پریشان ہوا، اس نے مجھے
بتایا کہ اسے اردو آتی ہے، بلکہ مسلمان بھی ہے۔
میں بولا کیوں نہیں ہے۔ پھر گفتگو کا آغاز کچھ اس طرح ہوا کہ مجھے بولنے کا موقع کم اور سننے کیلئے تمام قوت اور توانائی کو یکجا کرنا پڑی۔وہ کہنے لگی: ”دیکھو میں مسلمان ہوں، لیکن تم اسلام کے ٹھیکیدار پاکستانی مسلمانوں سے کہیں بہتر ہوں، میرے دل میں حسد نہیں، بغض نہیں، کسی کا دل نہیں دکھاتی، کسی سے زیادتی نہیں کرتی، کسی کا حق نہیں مارتی، تمام اسلامی شعائر کا بھرپور ایمان کی حد تک پاس کرتی ہوں، اپنے اور خدا کے معاملات میں کسی کی دخل اندازی نہیں چاہتی۔ اپنے شوہر، گھر اور بچوں کی وفادار ہوں“۔ وہ بلا تکان بولے جا رہی تھی اور میں کسی مجرم کی مانند سرجھکائے اسے سنے جا رہا تھا۔ دل سے نکلی ہوئی آواز ہر کسی پر اثر کرتی ہے، شاید اس سحر میں، میں بھی گرفتار ہو چکا تھا۔ وہ کہنے لگی: مجھے اسلام قبول کیے ہوئے 34 برس ہو گئے، میری عمر 51 برس ہے، اس نے بتایا کہ 17 سال کی عمر میں اس نے ایک پاکستانی نژاد نوجوان ابرار سے شادی کی تھی جوکہ ان کے ہاں ملازم تھا، وہ باقاعدہ تلاوت کرتا، نماز پڑھتا تھا اور دیگر مذہبی رسومات کی ادائیگی حسن نیت سے کرتا تھا۔ ہمارے ماحول میں ہر طرح کی آزادی تھی، نامعلوم وہ کس مٹی کا بنا تھا، اس پر کسی بات کا اثر نہیں ہوتا تھا۔“ اس نے کہا کہ میں بتانا بھول گئی کہ میں جرمن ہوں اور حقیقت میں نسلاً یہودی تھی، ماں اور باپ کی اکلوتی اولاد تھی، میرے اصرار پر وہ مجبور ہوئے اور میری شادی ابرار سے کر دی، میرے ماں، باپ نے بہت زور لگایا کہ ابرار اپنا مذہب تبدیل کرلے لیکن تمام کوششیں رائیگاں گئیں، وہ ٹس سے مس نہیں ہوا، میں نے شادی کے چار سال بعد اسلام قبول کیا۔ مجھے روایتی مسلمان نہیں بننا تھا لہٰذا میں نے جامعة الازہر مصر سے کئی اسلامی کورسز بھی کیے، انہیں سمجھا، پڑھا اور مکمل طور پر کائنات کے اکلوتے سچ پر یقین کرتے ہوئے ایمان لے آئی۔ ابرار میرا شوہر بنیادی طور پر کم گو اور خاموش طبیعت کا انسان تھا۔پہلے ہم فرانس منتقل ہوئے پھر کوئی گیارہ سال تک برطانیہ رہے، خدا کی قدرت دیکھئے کہ شادی کے 17 برس گزر گئے لیکن ہم اولاد سے محروم رہے، ہر طرح کے علاج معالجے کروائے لیکن کوئی نتیجہ نہ نکلا۔ ابرار کبھی مجھے پاکستان نہیں لے کر گیا، بقول اس کے اس کے گھر والے مجھے قبول نہیں کریں گے،
وہ بہت سخت اور ہٹ دھرم قسم کے لوگ ہیں۔ میں نے کبھی اصرار نہیں کیا، کچھ عرصے کے بعد ہم مراکو بھی رہے اور ایک ”حلال فوڈ چینی“ کو وہاں سے بیٹھ کر چلاتے رہے، ہمارا کاروبار پھیلتا گیا اور ہم دونوں میاں بیوی ہر طرح کی نعمتوں کو پاکر خوش تھے۔ ایک ملال تھا کہ کاش ہماری بھی اولاد ہوتی! ابرار نے مجھے پاکستان سے کوئی دوائی لا کر دی، تعویذ بھی پہنائے اور کچھ قرآنی آیات کا باقاعدگی سے وظیفہ بھی بتایا۔ اعتقاد پختہ ہو تو منزل آسان ہو جاتی ہے، میری گود ہری ہوئی اور اللہ تعالیٰ نے مجھے چاند سی بیٹی عطا کی۔ پھر دو سال کے بعد دوسری اور تقریباً پانچ سال کے بعد تیسری بیٹی میرے آنگن میں آن کھیلنے لگی۔وہ دن ہے اور آج کا دن کہ مجھے میرا شوہر چھوڑ کر کہیں بغیر بتائے چلا گیا، مجھے اولاد تو ملی لیکن خاوند کھو بیٹھی۔ کیا بیٹا پیدا کرنا میرے بس میں تھا؟ میں تو مجبور اور لاچار تھی، کیا بیٹیاں اولاد نہیں ہوتیں؟ کیا اسلام ہمیں یہی تعلیم دیتا ہے؟ کوئی اسے سمجھاتا کہ ہمارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم بھی چار بیٹیوں کے باپ تھے۔ خدا نے نرینہ اولاد دے کر بھی واپس لے لی۔ اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم چاہتے تو کیا خدا انہیں مایوس کرتا؟ ان کے ایک اشارے پر کائنات سرجھکائے رہتی تھی، اگر آپ نے خدا کی رضا کو اپنی رضا سمجھتے ہوئے اولاد نرینہ کی خواہش نہ کی تو پھر ہم کس نسل کے مسلمان ہیں؟ کیا آپ کے پاس کوئی جواب ہے؟ میں اپنی بیٹیوں کو نہیں چھوڑ سکتی، یقین مانئے کہ مجھے قطعی طور پر دکھ ہوا، تکالیف بھی برداشت کیں، لیکن مستقل مزاجی کا دامن نہیں چھوڑا۔ کینیڈا میں رہتے ہوئے مجھے تقریباً پانچ سال ہونے کو ہیں، میرے دل میں یہ رنجش ہے جب بھی کوئی پاکستانی ملتا ہے تو اسے اپنا دکھڑا سناتی ہوں، کاش! کہیں سے ابرار واپس آ جائے۔ مجھ سے زیادہ آج اس کی بیٹیوں کو اپنے باپ کی ضرورت ہے، ماں ماں ہوتی ہے۔ آخر کب تک میں ان پر نظروں کا پہرہ لگائے بیٹھی رہوں گی“۔میری درخواست ہے اس پاکستانی 3 بچیوں کے باپ سے، کہ اگر وہ زندہ ہے تو اپنے گھر لوٹ آئے۔ بیٹی زحمت نہیں رحمت ہوتی ہے۔ میں نہیں کہہ رہا، بلکہ یہ تو ہمارے پیارے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم فرما گئے ہیں۔
August 27, 2021
وہ وقت جب ایک ا مام مسجد کو لاوڈ سپیکر میں کونسلر کی تعریف نہ کر نے پر ہیرا منڈی لاہور کی ایک مسجد میں تعینات کر دیا گیا
وہ وقت جب ایک ا مام مسجد کو لاوڈ سپیکر میں کونسلر کی تعریف نہ کر نے پر ہیرا منڈی لاہور کی ایک مسجد میں تعینات کر دیا گیا۔۔۔
دسمبر کے اوائل کی بات ہے جب محکمہ اوقاف نے زبردستی میری تعیناتی شیخو پورہ کے امیر محلے کی جامعہ مسجد سے ہیرا منڈی لاہور کی ایک پرانی مسجد میں کر دی۔ وجہ یہ تھی کہ میں نے قریبی علاقے کے ایک کونسلر کی مسجد کے لاوڈ سپیکر پے تعریف کرنےسے انکار کر دیا تھا. شومئی قسمت کے وہ کونسلر محکمہ اوقاف کے ایک بڑے افسرکا بھتیجا تھا. نتیجتاً میں لاہور شہر کے بدنام ترین علاقے میں تعینات ہو چکا تھا. بیشک کہنے کو میں مسجد کا امام جا رہا تھا مگر علاقے کا بدنام ہونا اپنی جگہ. جو سنتا تھا ہنستا تھا یا پھر اظہار افسوس کرتا تھا۔محکمے کے ایک کلرک نے تو حد ہی کر دی۔ تنخواہ کا ایک معاملہ حل کرانے اس کے پاس گیا تو میری پوسٹنگ کا سن کے ایک آنکھ دبا کر بولاقبلہ مولوی صاحب، آپ کی تو گویا پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہی میں.’ میں تو گویا زمین میں چھ فٹ نیچے گڑ گیا’پھر اللہ بھلا کرے میری بیوی کا جس نے مجھے تسلی دی اور سمجھایا کے امامت ہی توہے، کسی بھی مسجد میں سہی. اور میرا کیا ہے؟ میں تو ویسے بھی گھر سے نکلنا پسند نہیں کرتی. پردے کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا. اور پھر ہمارے کونسے کوئی بچے ہیں کے ان کے بگڑنے کا ڈر ہو۔بیوی کی بات سن کر تھوڑا دل کو اطمینان ھوا اور ہم نے سامان باندھنا شروع کیا. بچوں کا ذکر چھڑ ہی گیا تو یہ بتاتا چلوں کے شادی کے بائیس سال گزرنے کے باوجود اللہ نے ہمیں اولاد جیسی نعمت سے محروم ہی رکھنا مناسب سمجھا تھا. خیر اب تو شکوہ شکایت بھی چھوڑ چکے تھے دونوں میاں بیوی. جب کسی کا بچہ دیکھ کر دل دکھتا تھا تو میں یاد الٰہی میں دل لگا لیتا اور وہ بھلی مانس کسی کونےکھدرے میں منہ دے کر کچھ آنسو بہا لیتی۔
سامان باندھ کر ہم دونوں میاں بیوی نے اللہ کا نام لیا اورلاہورجانے کے لئے ایک پرائیویٹ بس میں سوار ہوگئے. بادامی باغ اڈے پے اترے اور ہیرا منڈی جانے کے لئے سواری کی تلاش شروع کی۔ ایک تانگے والے نے مجھے پتا بتانے پر اوپر سے نیچے تلک دیکھا اور پھر برقع میں ملبوس عورت ساتھ دیکھ کر چالیس روپے کے عوض لے جانے کی حامی بھری۔ تانگہ چلا تو کوچبان نے میری ناقص معلومات میں اضافہ یہ کہہ کر کیا کے ‘میاں جی، جہاں آپ کو جانا ہے، اسے ہیرا منڈی نہیں، ٹبی گلی کہتے ہیں۔پندرہ بیس منٹ میں ہم پہنچ گئے. دوپہر کا وقت تھا۔ شاید بازار کھلنے کا وقت نہیں تھا. دیکھنے میں تو عام سا محلہ تھا. وہ ہی ٹوٹی پھوٹی گلیاں، میلے کرتوں کے غلیظ دامن سے ناک پونچھتے ننگ دھڑنگ بچے، نالیوں میں کالا پانی اور کوڑے کے ڈھیروں پے مڈلاتی بے حساب مکھیاں،سبزیوں پھلوں کے ٹھیلے والے اور ان سے بحث کرتی کھڑکیوں سے آدھی باہرلٹکتی عورتیں، فرق تھا تو صرف اتنا کے پان سگریٹ اور پھول والوں کی دکانیں کچھ زیادہ تھیں۔ دوکانیں تو بند تھیں مگران کے پرانے بورڈ اصل کاروبار کی خبر دے رہے تھے۔مسجد کے سامنے تانگہ کیا رکا، مانو محلے والوں کی عید ہوگئی۔ پتہ نہیں کن کن کونے کھدروں سے بچے اور عورتیں نکل کر جمع ہونے لگیں. ملی جلی آوازوں نے آسمان سر پے اٹھا لیا.’’ابے نیا مولوی ہے‘‘بیوی بھی ساتھ ہے. پچھلے والے سے تو بہتر ہی
ہوگا’ کیا پتہ لگتا ہے بہن، مرد کا کیا اعتبار؟‘ہاں ہاں سہی کہتی ہے تو داڑھی والا مرد تو اور بھی خطرناک،عجیب طوفان بدتمیز تھا۔ مکالموں اور فقروں سے یہ معلوم پڑتا تھا کے جیسے طوائفوں کے محلے میں مولوی نہیں، شرفاء کے محلے میں کوئی طوائف وارد ہوئی ہو۔ اس سے پہلے کے میرے ضبط کا پیمانہ لبریز ہوتا، خدا خوش رکھے غلام شبیر کو جومولوی صاحب، مولوی صاحب کرتا دوڑا آیا اور ہجوم کو وہاں سے بھگا دیا. پتہ چلا کے مسجد کا خادم ہے اور عرصہ پچیس سال سے اپنے فرائض منصبی نہایت محنت اور دیانت داری سے ادا کر رہا تھا۔ بھائی طبیعت خوش ہوگئی اس سے مل کے، دبلا پتلا پکّی عمر کا مرد، لمبی سفید داڑھی،صاف ستھرا سفید پاجامہ کرتا، کندھے پے چار خانے والا سرخ و سفید انگوچھا، پیشانی پے محراب کا کالا نشان، سر پے سفید ٹوپی اور نیچی نگاہیں،سادہ اور نیک آدمی اور منہ پے شکایت کا ایک لفظ نہیں، بوڑھا آدمی تھا مگر کمال کا حوصلہ و ہمّت رکھتا تھا ۔ سامان سنبھالتے اور گھر کو ٹھیک کرتے ہفتہ دس دن لگ گئے۔گھر کیا تھا دو کمروں کا کوارٹر تھا مسجد سے متصل۔ایک چھوٹا سا باورچی خانہ، ایک اس سے بھی چھوٹا غسل خانہ اور بیت الخلا اور ایک ننھا منا سا صحن. بہرحال ہم میاں بیوی کو بڑا گھر کس لئے چاہیے تھا۔بہت تھا ہمارے لئے، بس ارد گرد کی عمارتیں اونچی ہونے کی وجہ سے تاریکی بہت تھی۔ دن بارہ بجے بھی شام کا سا دھندلکا چھایا رہتا تھا۔
گھر ٹھیک کرنے میں غلام شبیر نے بہت ہاتھ بٹایا۔ صفائی کرنے سے دیواریں چونا کرنے تک۔ تھوڑا کریدنے پے پتا چلا کے یہاں آنے والے ہر امام مسجد کے ساتھ غلام شبّیرگھر کا کام بھی کرتا تھا۔ بس تنخواہ کے نام پے غریب دو وقت کا کھانا مانگتا تھا اور رات کو مسجد ہی میں سوتا تھا۔یوں اس کو رہنے کی جگہ مل جاتی تھی اور مسجد کی حفاظت بھی ہوجاتی تھی۔ ایک بات جب سے میں آیا تھا، دماغ میں کھٹک رہی تھی۔ سو ایک دن غلام شبیر سے پوچھ ہی لیا۔ میاں یہ بتاؤ کے پچھلے امام مسجد کے ساتھ کیا ماجرا گزرا؟ وہ تھوڑا ہچکچایا اور پھر ایک طرف لے گیا کے بیگم کے کان میں آواز نہ پڑے میاں جی اب کیا بتاؤں آپ کو؟ جوان آدمی تھے اور غیر شادی شدہ بھی۔محلے میں بھلا حسن کی کیا کمی ہے۔ بس دل آ گیا ایک لڑکی پے۔لڑکی کے دلال بھلا کہاں جانے دیتے تھے سونے کی چڑیا کو۔ پہلے تو انہوں نے مولانا کو سمجھانے کی کوشش کی، پھر ڈرایا دھمکایا لیکن مولانا نہیں مانے۔ایک رات لڑکی کو بھگا لے جانے کی کوشش کی۔بادامی باغ اڈے پر ہی پکڑے گئے۔ظالموں نے اتنا مارا پیٹا کے مولانا جان سے گئے’. غلام شبّیر نے نہایت افسوس کے ساتھ ساری کہانی سنائی۔پولیس وغیرہ؟ قاتل پکڑے نہیں گئے؟’ میں نے گھبرا کر پوچھا۔غلام شبیر ہنسنے لگا۔کمال کرتے ہیں آپ بھی میاں جی۔ پولیس بھلا ان لوگوں کے چکروں میں کہاں پڑتی ہے۔ بس اپنا بھتہ وصول کیا اور غائب۔ اور
ویسے بھی کوتوال صاحب خود اس لڑکی کے عاشقوں میں شامل تھے لاحول ولا قوّت الا باللہ ،کہاں اس جہنم میں پھنس گئے۔’ میں یہ سب سن کر سخت پریشان ہوا‘۔ آپ کیوں فکر کرتے ہیں میاں جی؟ بس چپ کر کے نماز پڑھیں اور پڑھائیں۔ دن کے وقت کچھ بچے آ جایا کریں گے ان کو قران پڑھا دیں باقی بس اپنے کام سے کام رکھیں گے تو کوئی تنگ نہیں کرتا یہاں بلکہ مسجد کا امام اچھا ہو تو گناہوں کی اس بستی میں لوگ صرف عزت کرتے ہیں.’ غلام شبیر نے میری معلومات میں اضافہ کرتے ہوے بتایا تو میری جان میں جان آئی۔انہی شروع کے ایام میں ایک واقعہ ہوا۔ پہلے دن ہی دوپہر کے کھانے کا وقت ہوا تو دروازے پے کسی نے دستک دی. غلام شبیر نے جا کے دروازہ کھولا اور پھر ایک کھانے کی ڈھکی طشتری لے کے اندر آ گیا۔ میری سوالیہ نگاہوں کے جواب میں کہنے لگا ’نوراں نے کھانا بھجوایا ہے، پڑوس میں رہتی ہے‘ میں کچھ نا بولا اور نا ہی مجھے کوئی شک گزرا۔سوچا ہوگی کوئی اللہ کی بندی اور پھر امام مسجد کے گھر کا چولھا تو ویسے بھی کم ہی جلتا ہے۔بہرحال جب اگلے دو دن بھی یہ ہی معمول رہا تومیں نے سوچا کے یہ کون ہے جو بغیر کوئی احسان جتائے احسان کیے جا رہی ہے۔عشاء کی نماز کے بعد مسجد میں ہی تھا جب غلام شبیر کو آواز دے کے بلایا اور پوچھامیاں غلام شبیر یہ نوراں کہاں رہتی ہے؟ میں چاہتا
ہوں میری گھر والی جا کر اس کا شکریہ ادا کرآئے۔غلام شبیر کے تو اوسان خطا ہو گئے یہ سن کر’ میاں جی ، بی بی نہیں جا سکتی جی وہاں،میں نے حیرانی سے مزید استفسار کیا تو گویا غلام شبیر نے پہاڑ ہی توڑ دیا میرے سر پے‘ میاں جی ، اس کا پورا نام تو پتا نہیں کیا ہے مگر سب اس کو نوراں کنجری کے نام سے جانتے ہیں. پیشہ کرتی ہے جی!پیشہ کرتی ہے؟ یعنی طوائف ہے؟ اور تم ہمیں اس کے ہاتھ کا کھلاتے رہے ہو؟ استغفراللہ! استغفراللہ۔غلام شبیر کچھ شرمسار ہوا میرا غصّہ دیکھ کر تھوڑی دیر بعد ہمّت کر کے بولا:میاں جی یہاں تو سب ایسے ہی لوگ رہتے ہیں ان کے ہاتھ کا نہیں کھائیں گے تو مستقل چولھا جلانا پڑے گا جو آپ کی تنخواہ میں ممکن نہیں۔یہ سن کر میرا غصّہ اور تیز ہوگیا’ہم شریف لوگ ہیں غلام شبیر ،بھوکے مر جائیں گے مگر طوائف کے گھر کا نہیں کھائیں گے‘۔میرے تیور دیکھ کر غلام شبیر کچھ نہ بولا مگر اس دن کے بعد سے نوراں کنجری کے گھر سے کھانا کبھی نا آیا۔جس مسجد کا میں امام تھا، عجیب بات یہ تھی کے اس کا کوئی نام نہیں تھا. بس ٹبی مسجد کے نام سے مشہور تھی۔ ایک دن میں نے غلام شبیر سے پوچھا کے ‘‘میاں نام کیا ہے اس مسجد کا؟’’ وہ ہنس کر بولا۔ میاں جی اللہ کے گھر کا کیا نام رکھنا؟پھر بھی؟ کوئی تو نام ہوگا، سب مسجدوں کا ہوتا ہے’’ میں کچھ کھسیانا ہو
کے بولا‘‘بس میاں جی بہت نام رکھے جس فرقے کا مولوی آتاہے، پچھلا نام تبدیل کر کے نیا رکھ دیتا ہے آپ ہی کوئی اچھا سا رکھ دیں.’’ وہ سر کھجاتا ہوا بولا.میں سوچ میں پڑ گیا۔ گناہوں کی اس بستی میں اس واحد مسجد کا کیا نام رکھا جائے؟ ‘‘کیا نام رکھا جائے مسجد کا؟ ہاں موتی مسجد ٹھیک رہے گا۔ گناہوں کے کیچڑ میں چمکتا پاک صاف موتی۔’’ دل ہی دل میں میں نے مسجد کے نام کا فیصلہ کیا اور اپنی پسند کو داد دیتا اندر کی جانب بڑھ گیا جہاں بیوی کھانا لگائے میری منتظر تھی ۔اب بات ہوجائے قرآن پڑھنے والے بچوں کی، تعداد میں گیارہ تھے اور سب کے سب لڑکے،ملی جلی عمروں کے پانچ سے گیارہ بارہ سال کی عمر کے۔ تھوڑے شرارتی ضرور تھے مگر اچھے بچے تھے۔نہا دھو کے اور صاف ستھرے کپڑے پہن کے آتے تھے۔ دو گھنٹے سپارہ پڑھتے تھے اور پھر باہر گلی میں کھیلنے نکل جاتے. کون تھے کس کی اولاد تھے؟ نہ میں نے کبھی پوچھا نا کسی نے بتایا لیکن پھر ایک دن غضب ہوگیا۔قرآن پڑھنے والے بچوں میں ایک بچہ نبیل نام کا تھا. یوں تو اس میں کوئی خاص بات نا تھی لیکن بس تھوڑازیادہ شرارتی تھا۔تلاوت میں دل نہیں لگتا تھا۔ بس آگے پیچھے ہلتا رہتا اور کھیلنے کے انتظار میں لگا رہتا،میں بھی درگزر سے کام لیتا کے چلو بچہ ہے لیکن ایک دن ضبط کا دامن میرے ہاتھ سے چھوٹ گیا۔ اس دن صبح ہی سے میرے سر میں ایک عجیب درد تھا.
غلام شبیرسے مالش کرائی، پیناڈول کی دو گولیاں بھی کھائیں مگر درد زور آور بیل کی مانند سر میں چنگھاڑتا رہا. درد کے باوجود اور غلام شبّیر کے بہت منع کرنے پر بھی میں نے بچوں کا ناغہ نہیں کیا. نبیل بھی اس دن معمول سے کچھ زیادہ ہی شرارتیں کر رہا تھا۔ کبھی ایک کو چھیڑ کبھی دوسرے کو۔ جب اس کی حرکتیں حد سے بڑھ گئیں تو یکایک میرے دماغ پر غصّے کا بھوت سوار ہوگیا اور میں نے پاس رکھی لکڑی کی رحل اٹھا کر نبیل کے دے ماری،میں نے نشانہ تو کمر کا لیا تھا مگر خدا کا کرنا ایسا ہوا کے رحل بچے کی پیشانی پر جا لگی۔خون بہتا دیکھ کر مجھے میرے سر کا درد بھول گیا اور میں نے گھبرا کر غلام شبیر کو آواز دی وہ غریب بھاگتا ہوا آیا اور بچے کو اٹھا کے پاس والے ڈاکٹر کے کلینک پر لے گیا۔خدا کا شکر ہوا کے چوٹ گہری نہیں لگی تھی۔مرہم پٹی سے کام چل گیا اور ٹانکے نا لگے۔خیر باقی بچوں کو فارغ کر کے مسجد کے دروازے پے پہنچا ہی تھا کے چادر میں لپٹی ایک عورت نے مجھے آواز دے کر روک لیا۔ میں نے دیکھا کے وہ عورت دہلیزپر کھڑی مسجد کے دروازے سے لپٹی رو رہی تھی ۔چالیس پینتالیس کا سن ہوگا، معمولی شکل و صورت، سانولا رنگ اور چہرے پے پرانی چیچک کے گہرے داغ، آنسوؤں میں ڈوبی آنکھیں اور گالوں پر بہتا کالا سرما،زیور کے نام پے کانوں میں لٹکتی سونے کی ہلکی سی بالیاں
اور ناک میں چمکتا سستا سرخ نگ کا لونگ، چادر بھی سستی مگر صاف ستھری اور پاؤں میں ہوائی چپل ،کیا بات ہے بی بی؟ کون ہو تم؟’’ میں نے حیرانگی سے اس سے پوچھا!میں نوراں ہوں مولوی صاحب’’ اس نے چادر کے پلو سے ناک پونچھتے ہوئے کہا۔نوراں؟ نوراں کنجری؟’’ میرے تو گویا پاؤں تلے زمین ہی نکل گئی۔ میں نے ادھر ادھر غلام شبیر کی تلاش میں نظریں دوڑائیں مگر وہ تو نبیل کی مرہم پٹی کرا کے اور اس کو اس کے گھرچھوڑنےکے بہانے نجانے کہاں غائب تھا۔ جی. نوراں کنجری!’’ اس نے نظریں جھکائے اپنے نام کا اقرار کیا۔مجھے کچھ دیر کے لئے اپنے منہ سے نکلنے والی اس کے گالی جیسی عرفیت پے شرمندگی ہوئی مگر پھر خیال آیا کے وہ طوائف تھی اور اپنی بری شہرت کی ذمہ دار،شرمندگی اس کو ہونی چاہیے تھی، مجھے نہیں۔پھر اچانک مجھے احساس ہوا کے میری موتی جیسی مسجد میں اس طوائف کا نا پاک وجود کسی غلاظت سے کم نہیں تھا۔ باہر نکل کے کھڑی ہو۔ مسجد کو گندا نا کر بی بی، میں نے نفرت سے باہر گلی کی جانب اشارہ کیا۔اس نے کچھ اس حیرانگی سے آنکھ اٹھا کے میری طرف دیکھا کے جیسے اسے مجھ سے اس رویے کی امید نا ہو۔ ڈبڈبائی آنکھوں میں ایک لمحے کے لئے کسی ان کہی فریاد کی لو بھڑکی لیکن پھر کچھ سوچ کر اس نے آنسوؤں کے پانی میں احتجاج کے ارادے کو غرق کیا اور بغیر کوئی اور بات کئے چلی گی،میں نے بھی نا روکا
کے پتا نہیں کس ارادے سے آئی تھی۔ اتنی دیر میں غلام شبیر بھی پہنچ گیا۔کون تھی میاں جی؟ کیا چاہتی تھی؟’’ غالباً اس نے عورت کو تو دیکھا تھا مگر دور سے شکل نہیں پہچان پایا۔نوراں کنجری تھی،پتا نہیں کیوں آئی تھی؟ مگر میں نے بھی وہ ڈانٹ پلائی کے آئندہ اس پاک جگہ کا رخ نہیں کرے گی.’’ میں نے داد طلب نظروں سے غلام شبیر کی طرف دیکھا مگر اس کے چہرے پر ستائش کی جگہ افسوس نے ڈیرے ڈال رکھے تھے۔وہ بیچاری دکھوں کی ماری اپنے بچے کا گلہ کرنے آئی تھی میاں جی! نبیل کی ماں ہے ، بچے کی چوٹ برداشت نہیں کر سکی اور آپ نے اس غریب کو ڈانٹ دیا۔’’غلام شبیر نے نوراں کی وکالت کرتے ہوئے کہا۔تو نبیل نوراں کا بیٹا ہے۔ایسی حرکتیں کرے گا تو سزا تو ملے گی، جیسی ماں ویسا بیٹا! میں نے اپنی شرمندگی کو بیہودگی سے چھپانے کی کوشش کی۔ ایک لمحے کو خیال بھی آیا کے بچہ تو معصوم ہے اور پھر میں نے زیادتی بھی کی تھی مگر پھر اپنے استاد ہونے کا خیال آیا تو سوچا کے بچے کی بھلائی کے لئے ہی تو مارا ہے کیا ہوا اور پھر ایک طوائف کو کیا حق حاصل کےمسجد کے امام سے شکایت کر سکے۔کتنے بچے ہیں نوراں کے؟’’ میں نے بات کا رخ بدلنے کی کوشش کی‘‘۔مسجد میں پڑھنے والے سب بچے نوراں کے ہیں میاں جی! اس کے علاوہ ایک گود کا بچہ بھی ہے۔بس اس محلے میں صرف نوراں اپنے بچوں کو
مسجد بھیجتی ہے۔ باقی سب لوگوں کے بچے تو آوارہ پھرتے ہیں۔’’ غلام شبیرکی آواز میں پھر نوراں کی وکالت گونج رہی تھی، میں نے بھنا کر جواب دینے کا ارادہ کیا ہی تھا کے کوتوال صاحب کی گاڑی سامنے آ کر رکی۔ خود تو پتا نہیں کیسا آدمی تھا مگر بیوی بہت نیک تھی۔ہر دوسرے تیسرے روز ختم کے نام پر کچھ نہ کچھ میٹھا بھجوا دیتی تھی۔اس دن بھی کوتوال کا اردلی جلیبیاں دینے آیا تھا، گرما گرم جلیبیوں کی اشتہا رانگیز مہک نے میرا سارا غصہ ٹھنڈا کر دیا اور نوراں کنجری کی بات آئی گئی ہو گئی۔ یہ نبیل کو مار پڑنے کے کچھ دنوں بعد کا ذکر ہے۔ عشاء پڑھا کے میں غلام شبیر سے ایک شرعی معاملے پر بحث میں الجھ گیا تو گھر جاتے کافی دیر ہوگئی۔ مسجد سے باہر نکلے تو بازار کی رونق شروع تھی۔ بالکونیوں پر جھلملاتے پردے لہرا رہے تھے اور کوٹھوں سے ہارمونیم کے سر اور طبلوں کی تھاپ کی آواز ہر سو گونج رہی تھی۔ پان سگریٹ اور پھولوں کی دکانوں پر بھی دھیرے دھیرے رش بڑھ رہا تھا۔اچانک میری نظر نوراں کے گھر کے دروازے پرجا پڑی۔وہ باہر ہی کھڑی تھی اور ہر آتے جاتے مرد سے ٹھٹھے مار مار کر گپپیں لگا رہی تھی۔آج تو اس کا روپ ہی دوسرا تھا۔ گلابی رنگ کا چست سوٹ، پاؤں میں سرخ گرگابی، ننگے سر پے اونچا جوڑا، جوڑے میں پروئے موتیے کے پھول، میک اپ سے لدا چہرہ، گہری شوخ لپ سٹک، آنکھوں میں مسکارا اور مسکارے
کی اوٹ سے جھانکتی ننگی دعوت لاحول ولا قوت اللہ باللہ’’ میں نے طنزیہ نگاہوں سے غلام شبیر کی جانب دیکھا۔ آخر وہ نوراں کا وکیل جو تھا۔ چھوڑئیے میاں جی! عورت غریب ہے اور دنیا بڑی ظالم۔’’ اس نے گویا بات کو ٹالنے کی کوشش کی مگر میں اتنی آسانی سے جان چھوڑنے والا نہیں تھا۔یہ بتاؤ میاں، جب اس کے گاہک آتے ہیں تو کیا بچوں کے سامنے ہی؟’’ میں نے معنی خیز انداز میں اپنا سوال ادھورا ہی چھوڑ دیا۔میاں جی، ایک تو اس کے بچے صبح اسکول جاتے ہیں اور اس لئے رات کو جلدی سو جاتے ہیں۔ دوسرا، مہمانوں کے لئے باہر صحن میں کمرہ الگ رکھا ہے۔’’ غلام شبیر نے ناگوار سے لہجے میں جواب دیا۔استغفراللہ! استغفراللہ!’’ میں نے گفتگو کا سلسلہ وہیں ختم کرنا مناسب سمجھا کیوں کے مجھے احساس ہو چکا تھا کے غلام شبیر کے لہجے سے جھانکتی ناگواری کا رخ نوراں کی جانب نہیں تھا ۔ اس کے بعد نوراں کا ذکر میرے سامنے تب ہوا جن دنوں میں اپنے اور زوجہ کے لئے حج بیت اللہ کی غرض سے کاغذات بنوا رہا تھا۔ اس غریب کی بڑی خواہش تھی کے وہ اور میں اللہ اور اس کے نبی پاک کی خدمت میں پیش ہوں اور اولاد کی دعا کریں. میرا بھی من تھا کے کسی بہانے سے مکّے مدینے کی زیارت ہوجائے۔ نام کے ساتھ حاجی لگا ہو تو شاید محکمے والے کسی اچھی جگہ تبدیلی کر دیں۔ زوجہ کا ایک بھانجا انہی دنوں وزارت مذہبی امور میں کلرک تھا۔
اس کی وساطت سے درخواست کی قبولی کی کامل امید تھی۔ کاغذات فائل میں اکٹھے کیے ہی تھے کے غلام شبیر ہاتھ میں کچھ اور کاغذات اٹھائے پہنچ گیا۔میاں جی!ایک کام تھا آپ سے۔ اجازت دیں تو عرض کروں.’’ اس نے ہچکچاتے ہوئے کہا‘‘ہاں ہاں میاں، کیوں نہیں!کیا بات ہے؟’’ میں نے داڑھی کے بالوں میں انگلیوں سے کنگھی کرتے ہوئے اس کو بیٹھنے کا اشارہ کیا۔ میاں جی، آپ کی تو وزارت میں واقفیت ہے ایک اور حج کی درخواست بھی جمع کرا دیں۔’’ اس نے ہاتھ میں پکڑے کاغذات میری جانب بڑھائے۔ دیکھو میاں غلام شبیر، تم اچھی طرح جانتے ہو کے میں گھر بار تمہارے ذمے چھوڑ کر جا رہا ہوں اور پھر تمہارے پاس حج کے لئے پیسے کہاں سے آئے؟’’ میں نے کچھ برہمی سے پوچھا۔نہیں نہیں میاں جی! آپ غلط سمجھے۔ یہ میری درخواست نہیں ہے۔نوراں کی ہے۔’’ اس نے سہم کر کہا،کیا؟ میاں ہوش میں تو ہو؟ نوراں کنجری اب مکّے مدینے جائے گی؟ اور وہ بھی اپنے ناپاک پیشے کی رقم سے؟ توبہ توبہ.’’ میرے تو جیسے تن بدن میں آگ لگ گئی یہ واہیات بات سن کر میاں جی! طوائف ہے پر مسلمان بھی تو ہے اور وہ تو اللہ کا گھر ہے وہ جس کو بلانا چاہے بلا لے۔ اس کے لئے سب ایک برابر’’ اپنی طرف سے غلام شبیرنے بڑی گہری بات کی‘‘۔اچھا؟ اللہ جس کو بلانا چاہے بلا لے؟ واہ میاں واہ. تو پھر میں درخواست کیوں جمع کراؤں؟ نوراں سے کہو ،سیدھا اللہ تعالیٰ کو ہی بھیج
دے’’ میں نے غصّے سے کہا اور اندر کمرے میں چلا گیا‘‘۔زوجہ کا بھانجا بر خوردار نکلا اور اللہ کے فضل و کرم سے میری اور زوجہ کی درخواست قبول ہو گئی ،ٹکٹ کے پیسے کم پڑے تو اسی بھلی لوک کے جہیز کے زیور کام آ گئے۔ اللہ کا نام لے کر ہم روانہ ہوگئے،احرام باندھا تو گویا عمر بھر کے گناہ اتار کے ایک طرف رکھ دیے. اللہ کا گھر دیکھا اور نظر بھر کے دیکھا۔فرائض پورے کرتے کرتے رمی کا دن آ گیا،بہت رش تھا، ہزاروں لاکھوں لوگ،ایک ٹھاٹھیں مارتا سفید رنگ کا سمندر۔گرمی بھی بہت تھی۔ میرا تو دم گھٹنا شروع ہوگیا۔ زوجہ بیچاری کی حالت بھی غیر ہوتی جا رہی تھی۔ اوپر سے غضب کچھ یہ ہوا کے میرے ہاتھ سے اس غریب کا ہاتھ چھوٹ گیا۔ہاتھ کیا چھوٹا، لوگوں کا ایک ریلا مجھے رگیدتا ہوا ا پتا نہیں کہاں سے کہاں لے گیا۔ عجب حالات تھے کسی کو دوسرے کا خیال نہیں تھا. ہر کوئی بس اپنی جان بچانے کے چکّر میں تھا۔ میں نے بھی لاکھ اپنے آپ کو سنبھالنے کی کوشش کی مگر پیر رپٹ ہی گیا۔میں نیچے کیا گرا، ایک عذاب نازل ہوگیا۔ ایک نے میرے پیٹ پر پیر رکھا تو دوسرے نے میرے سر کو پتھر سمجھ کر ٹھوکر ماری۔ موت میری آنکھوں کے سامنے ناچنے لگی۔ میں نے کلمہ پڑھا اور آنکھیں بند کی ہی تھیں کے کسی اللہ کے بندے نے میرا دایاں ہاتھ پکڑ کے کھینچا اور مجھے سہارا دے کر کھڑا کر دیا۔ میں نے سانس درست کی اور
اپنے محسن کا شکریہ ادا کرنے کے لئے اس کی طرف نگاہ کی۔ مانو ایک لمحے کے لئے تو بجلی ہی گر پڑی۔ کیا دیکھتا ہوں کے میرا ہاتھ مضبوطی سے تھامے نوراں کنجری کھڑی مسکرا رہی تھی۔یہ ناپاک عورت یہاں کیسے آ گئی؟ اس کی حج کی درخواست کس نے اور کب منظور کی؟ میں نے ہاتھ چھڑانے کی بہت کوشش کی مگر کہاں صاحب!ایک آہنی گرفت تھی۔ میں نہیں چھڑا سکا وہ مجھے اپنے پیچھے کھینچتی ہوئی ایک طرف لے گئی۔ اس طرف کچھ عورتیں اکٹھی تھی۔اچانک میری نظر زوجہ پر پڑی جس کی آنکھوں میں آنسو تھے اور وہ بیتاب نگاہوں سے مجمع ٹٹول رہی تھی۔ہماری نظریں ملیں تو سب کلفت بھول گئی۔ میں دوڑ کر اس تک پہنچا اور آنسو پونچھے۔کہاں چلے گئے تھے آپ؟ کچھ ہوجاتا تو؟ پریشانی سے الفاظ اس کے گلے میں اٹک رہے تھے۔بس کیا بتاؤں آج مرتے مرتے بچا ہوں۔ جانے کون سی نیکی کام آ گئی ، میں تو پاؤں تلے روندا جا چکا ہوتا اگر نوراں نہیں بچاتی۔ میں نے اس کو تسلی دیتے ہوئے کہا۔ نوراں؟ ہماری پڑوسن نوراں؟ وہ یہاں کہاں آگئی؟ آپ نے کسی اور کو دیکھا ہوگا۔ اس نے حیرانگی سے کہا۔ ارے نہیں! نوراں ہی تھی۔ میں نے ادھر ادھر نوراں کی تلاش میں نظریں دوڑائیں مگر وہ تو نجانے کب کی جا چکی تھی۔ بعد میں بھی اس کو بہت ڈھونڈا مگر اتنے جمِ غفیر میں کہاں کوئی ملتا ہے۔ خدا خدا کر کے حج پورا ہوا اور ہم دونوں میاں بیوی وطن واپس
روانہ ہوے۔ لاہور ائیرپورٹ پر غلام شبیر پھولوں کے ہاروں سمیت استقبال کو آیا ہوا تھا۔بہت مبارک باجی، بہت مبارک میاں جی،بلکہ اب تو میں آپ کو حاجی صاحب کہوں گا۔ اس نے مسکراتے ہوئے ہم دونوں کو مبارک دی تو میری گردن حاجی صاحب کا لقب سن کراکڑ گئی۔ میں نے خوشی سے سرشار ہوتے ہوے اس کے کندھے پے تھپکی دی اور سامان اٹھانے کا اشارہ کیا۔ ٹیکسی میں بیٹھے،میں نے مسجد اور گھر کی خیریت دریافت کی تو نوراں کا خیال آ گیا۔ میاں غلام شبیر! نوراں کی سناؤ’ میرا اشارہ اس کی حج کی درخواست کے بارے میں تھا‘۔ اس بیچاری کی کیا سناؤں میاں جی؟ لیکن آپ کو کیسے پتا چلا؟’ اس نے حیرانگی سے میری جانب دیکھا‘ بس ملاقات ہوئی تھی مکّے شریف میں۔’ میں نے اس کے لہجے میں چھپی اداسی کو اپنی غلط فہمی سمجھا۔ مکّے شریف میں ملاقات ہوئی تھی؟ مذاق نا کریں میاں جی!نوراں تو آپ کے جانے کے اگلے ہی دن قتل ہو گئی تھی’ اس نے گویا میرے سر پر بم پھوڑا،قتل ہوگئی تھی؟’ میں نے اچھنبے سے پوچھا!جی میاں جی، بیچاری نے حج کے لئے پیسے جوڑ رکھے تھے۔ اس رات کوئی گاہک آیا اور پیسوں کے پیچھے قتل کر دیا غریب کو۔ ہمیں توصبح کو پتا چلا جب اس کے بچوں نے اس کی لاش دیکھی۔شور مچایا تو سب اکٹھے ہوئے، پولیس والے بھی پہنچ گئے اور اس کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے لے گئے۔ ابھی کل ہی میں مردہ خانے سے میّت لے کے آیا ہوں۔
آج صبح ہی تدفین کی اس کی۔’ غلام شببر کی آواز آنسوؤں میں بھیگ رہی تھی۔ قاتل کا کچھ پتا چلا؟’ میں ابھی بھی حیرانگی کی گرفت میں تھا۔پولیس کے پاس اتنا وقت کہاں میاں جی کے طوائفوں کے قاتلوں کو ڈھونڈے۔ اس بیچاری کی تو نمازجنازہ میں بھی بس تین افراد تھے، میں اور دو گورکن۔’ اس نے افسوس سے ہاتھ ملتے ہوئے کہا‘۔ اور اس کے بچے؟ ان کا کیا بنا؟’ میں نے اپنی آنکھوں میں امڈ تی نمی پونچھتے ہوئے دریافت کیا‘ نوراں کے بچے نہیں ہیں میاں جی!’ غلام شببر نے مرے کان میں سرگوشی کی۔طوائفوں کے محلے میں جب کوئی لڑکا پیدا ہوتا ہے تو زیادہ تر اسے راتوں رات اٹھا کر کوڑے کے ڈھیرپر پھینک دیا جاتا ہے۔وہ سب ایسے ہی بچے تھے۔ نوراں سب جانتی تھی کے کس کے ہاں بچہ ہونے والا ہے۔ بس لڑکا ہوتا تو اٹھا کر اپنے گھر لے آ تی۔ کہنے کو تو طوائف تھی میاں جی مگر میں گواہ ہوں۔غریب جتنا بھی کماتی بچوں پے خرچ کر دیتی۔بس تھوڑے بہت الگ کر کے حج پے جانے کے لئے جمع کر رکھے تھے، وہ بھی اس کا قاتل لوٹ کر لے گیا۔یہ بتاؤ غلام شبیر ،جب میں نے اس کی درخواست جمع کرانے سے انکار کیا تو اس نے کیا کہا؟’ مجھ پے حقیقتوں کے در کھلنا شروع ہو چکے تھے۔بس میاں جی، کیا کہتی بیچاری۔ آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ آسمان کی جانب ہاتھ اٹھائے اور کہنے لگی کے بس تو ہی اس کنجری کو بلائے تو بُلا لے’.
مجھ پر تو پوچھو گھڑوں پانی پڑ گیا۔ تاسف کی ایک آندھی چل رہی تھی۔ ہوا کے دوش میری خطائیں اڑرہی تھیں۔گناہوں کی مٹی چل رہی تھی اور میری آنکھیں اندھیائی جا رہی تھیں۔ آپ کیوں روتے ہیں میاں جی؟ آپ تو ناپاک کہتے تھے اس کو۔’ غلام شبّیر نے حیرانگی سے میری آنسوؤں سے تر داڑھی دیکھتے ہوئے کہا۔کیا کہوں !غلام شببر کہ کیوں روتا ہوں۔ وہ ناپاک نہیں تھی۔ ناپاک تو ہم ہیں جو دوسروں کی ناپاکی کا فیصلہ کرتے پھرتے ہیں۔ نوراں تو اللہ کی بندی تھی۔ اللہ نے اپنے گھر بلا لیا۔’’ میری ندامت بھری ہچکیاں بند ہونے کا نام نہیں لے رہی تھیں اور غلام شبیر نا سمجھتے ہوئے مجھے تسّلی دیتا رہا‘‘۔ ٹیکسی محلے میں داخل ہوئی اور مسجد کے سامنے کھڑی ہو گئی۔ اترا ہی تھا کے نوراں کے دروازے پے نظر پڑی۔ ایک ہجوم اکٹھا تھا وہاں۔کیا بات ہے غلام شبیر؟ لوگ اب کیوں اکٹھے ہیں؟ میاں جی !میرے خیال میں پولیس والے ایدھی سنٹر والوں کو لے کے آئے ہیں۔ وہ ہی لوگ بچوں کو لے کر جائیں گے۔ ان غریبوں کی کوئی دیکھ بھال کرنے والا نہیں ہے۔’ غلام شببر نے کچھ سوچتے ہوئے کہا۔ میں نے زوجہ کا ہاتھ پکڑا اور غلام شبیر کو پیچھے آنے کا اشارہ کرتے ہوئے نوراں کے دروازے کی جانب بڑھ گیا۔کہاں چلے میاں جی؟’ غلام شبیر نے حیرانگی سے پوچھا‘نوراں کے بچوں کو لینے جا رہا ہوں۔ آج سے وہ میرے بچے ہیں اور ہاں مسجد کا نام میں نے سوچ لیا ہے۔ آج سےاس کا نام نور مسجد ہوگا ۔
شہریار خاورایک مشہور لکھاری اور آرٹسٹ ہیں جو عزت، برداشت اور آزادی رائے پر یقین رکھتے ہیں۔
July 30, 2021
کچھ مزاح ہوجائے😊 Comedy, Humor
E-Commerce, Hand crafts, Hand Made